 |  جی ایٹ کے منصوبوں سے افریقہ میں غربت ختم نہیں ہو گی لیکن اس کے خاتمے کی امید بندھ جائے گی |
برطانوی وزیرِاعظم ٹونی بلئر نے جی 8 کی طرف سے افریقی ممالک کے لیے پچاس ارب ڈالر اور فلسطینی انتظامیہ کے لیے تین ارب ڈالر کی رقم کا اعلان کیا ہے۔ افریقہ کے لیے امدای رقم کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ افریقہ کے انتہائی غریب ممالک کو قرضوں میں معافی بھی دی جائے گی۔ انہوں نے افریقہ میں امن کے لیے ایک نئی فوج کے قیام کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کے اعلان سے افریقہ میں غربت ختم نہیں ہو گی لیکن اس کے خاتمے کی امید بندھ جائے گی۔ کانفرنس میں موجود افریقی ممالک کے رہنماؤں کی نمائندگی کرتے ہوئے نائجیریا کے صدر اولسگن اوباسانجو نے کہا کہ ’یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے‘۔ برطانوی وزیرِاعظم نے اس کے علاوہ عالمی درجۂ حرات میں اضافہ کرنے والے عوامل کو بتدریج ختم کرنے کے لیے جی-8 اور دوسرے ممالک کے درمیان نومبر میں ہونے والی آئندہ سربراہ کانفرنس میں مذاکرات کے نئے منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔ |