عراق خود کش حملے، 27 ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق میں خودکش حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور منگل کو حلہ قصبے کے شیعہ آبادی والے علاقے میں کیے جانے والے خودکش حملوں میں حکام کے مطابق کم از کم 27 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور پولیس والوں کے ہجوم میں مل گئے جو اپنے یونٹ کو ختم کرنے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ ان میں سے ایک حملہ آور نے ہجوم کے درمیان پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔اس کے ایک منٹ بعد ہی دوسرے نے بھی دھماکہ کردیا۔عراق میں القاعدہ نے انٹرنیٹ کے ذریعےان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ جہاں یہ دھماکے ہوئے اس علاقے کو فوراً ہی گھیرے میں لے لیا گیا وہاں کی زمین خون سے لت پت تھی اور پورے علاقے میں لوگوں کے جوتے اور کپڑوں کے چیتھڑے پڑے دکھائی دے رہے تھے۔ وزارتِ داخلہ نے خبر رساں ایجنسی ای ایف پی کو بتایا کہ اس حملے میں 27 افراد ہلاک اور 128 زخمی ہوئے ہیں۔ حلہ میں ایک پولیس اہلکار جاوید خادم نے اے پی کو بتایا کہ پہلا دھماکہ میئر کے دفتر کے سامنے مظاہرین کے بالکل درمیان میں ہوا اور دوسرا دھماکہ اس کے ایک منٹ کے اندر اندر مظاہرے سے تقریباً دس میٹر دور ہوا ۔ جاوید نے کہا ’ میں نے اچانک فضا میں ایک آگ کا گولا دیکھا اور اس میں انسانی جسم کے چیتھڑے اڑتے ہوئے دیکھے جس کے بعد پولیس والوں نے ہوا میں فائرنگ شروع کر دی۔ اس کے علاوہ امریکی افواج نے ایک سنی سیاستدان کو گرفتار کرنے کے بعد رہا کر دیا۔محسن عبد الحامد جو عراقی اسلامک پارٹی کے رہنما ہیں انہیں صبح سویرے ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ امریکی فوج کے مطابق انہیں غلطی سے گرفتار کیا گیا تھا۔ مسٹر حامد نے جنوری کے انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا۔ عراقی صدر نے فوری طور پر ان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا ’اس حیثیت کے سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ایساسلوک نا قابل قبول ہے‘۔ امریکی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پوچھ گچھ کے بعد انہیں پتہ چلا کہ انہیں غلطی سے گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں اس سلے میں معذرت بھی طلب کی ہے۔ اتوار کی رات بغداد کے اردگرد کے علاقے میں سولہ لوگ بم دھماکوں میں ہلاک ہو گئے تھے۔ بغداد میں امریکی فوج مزاحمت کارروں کے خلاف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔اس سے ایک دن پہلے مزاحمت کار عراق کے ایک فوجی اڈے میں گھس گئے تھے جس سے کئی لوگ ہلاک ہو گئے تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||