عام انتخابات کے لیے ووٹنگ آج | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
آج برطانیہ میں عام انتخابات ہورہے ہیں جن میں چوالیس ملین ووٹرز دارالعوام کے چھ سو چھیالیس ارکان کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالیں گے۔ برطانوی وقت کے مطابق ووٹنگ صبح سات بجے شروع ہو گی اور رات دس بجے تک جاری رہے گی جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ مکمل نتائج کل تک آجانے کی توقع ہے جبکہ نئی منتخب پارلیمان کا پہلا اجلاس گیارہ مئی کو ہونا ہے۔ وزیراعظم ٹونی بلئیر نے اپریل کے آغاز میں پارلیمان کے ایوان زیریں یا دارالعوام کو تحلیل کرکے عام انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا اور اب تقریباً ایک ماہ کی شدید انتخابی مہم کے بعد آج پولنگ ہورہی ہے۔ سنہ دو ہزار ایک میں ہونے والے عام انتخابات میں 659 نشستوں پر مقابلہ ہوا تھا لیکن اس مرتبہ حلقہ بندیوں میں تبدیلی کی وجہ سے نشستیں کم ہو گئی ہیں۔ عام انتخابات میں کھڑے ہونے والے امیدواروں کی کل تعداد ساڑھے تین ہزار ہے جن میں سے 627 کا تعلق لیبر پارٹی، 629 کا کنزرویٹو پارٹی اور 625 کا لبرل ڈیموکریٹک سے ہے۔ اس مرتبہ تینوں بڑی سیاسی جماعتوں نے اقلیتی آبادی سے بھی ریکارڈ تعداد میں امیدوار کھڑے کیے ہیں جن میں بنگلہ دیشی، بھارتی اور پاکستانی نژاد افراد شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کنزرویٹو پارٹی نے اکتالیس، لبرل ڈیموکریٹس نے چالیس جبکہ لیبر پارٹی نے بتیس امیدوار انتخابی معرکے میں اتارے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||