 |  دیوارِ چین کو نارنجی رنگ سے اجاگر کیا گیا ہے |
خلا سے حاصل کی گئی تصاویر سے بظاہر اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ دیوارِ چین کو کسی آلے کی مدد کے بغیر کھلی آنکھ سے دیکھا جا سکتا ہے۔ چینی سکولوں میں زیرِتعلیم بچوں کو طویل عرصے سے یہ پڑھایا جاتا رہا ہے کہ دیوارِ چین انسانی کی بنائی ہوئی وہ واحد چیز ہے جسے خلا سے کھلی آنکھ کی مدد سے دیکھا جا سکتا ہے۔ لیکن گزشتہ برس پہلے چینی خلا باز یانگ لیوی نے یہ کہہ کر اپنی قوم کو مایوس کر دیا تھا کہ انہیں خلا سے ایسی کوئی چیز دکھائی نہیں دی۔  |  لیرائے چاؤ (نیچے دائیں) |
البتہ اب چین کے سرکاری اخبار میں ایک چینی نژاد امریکی خلا باز لیرائے چاؤ کی بنائی ہوئی تصاویر شائع کی گئی ہیں جن میں یہ دیوار نظر آ رہی ہے۔ چین کے سرکاری اخبار’چائنہ ڈیلی‘ کے مطابق لیرائے چاؤ نے دیوارِ چین کے پہلے تصویری شواہد تیار کیے ہیں۔ اس کے باعث شعبہ تعلیم سے وابستہ حکام کو سکھ کا سانس آئے گا کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ کہیں نصابی کتب کا متن تبدیل نہ کرنا پڑے۔ روزنامے کے صفحۂ اول پر شائع ہونے والی تصویر میں دیوارِ چین کو نارنجی رنگ سے اجاگر کیا گیا ہے تاکہ اسے سڑکوں اور ریل کی پٹڑی سے مختلف دکھایا جا سکے۔ |