 |  پہلے جدید انسان نے ساٹھ ہزار پہلے افریقہ چھوڑا تھا۔ |
پانچوں بر اعظموں میں یہ جاننے کے لیے ایک بڑے منصوبے پر کام ہو رہا ہے کہ انسان نے جب جب گھر چھوڑا۔ زمین پر انسان کی نقل مکانی کی تاریخ کو جاننے کے لیے ڈی این اے کی مدد لی جائے گی۔ نیشنل جیوگرافک اور آئی بی ایم کے اشتراک سے ہونے والے اس منصوبے کے لیے دس ہزار افراد کےڈی این اے نمونے حاصل کیے جائیں گے۔ اس منصوبے کا نام ’جینوگرافک پراجیکٹ‘( Genographic Project) ہے۔ منصوبے پر چالیس ملین ڈالر خرچ ہوں گے اور یہ پانچ سال میں مکمل ہوگا۔ اس کے لیے دنیا بھر سے ماہرین لسانیات، آثار قدیمہ اور جینیات کے ماہرین مل کر کام کریں گے۔ آثار قدیمہ اور جینیاتی معلومات کی روشنی میں کہا جاتا ہے کہ ہومو سیپین (Homo Sapien) سب سے پہلے دو لاکھ سال قبل افریقہ میں پائے گئے تھے۔ پہلے جدید انسانوں نے ساٹھ ہزار سال پہلے بر اعظم افریقہ سے ہجرت کی تھی۔ اس منصوبے میں بہت سے سوالات کے جواب جاننے کی کوشش کی جائے گی کہ افریقہ کے سب سے پرانے رہائشی کون تھے؟ آیا آسٹریلیا کے قدیم باشندوں کی تاریخ ان کی یاداشت کے مطابق ہے؟ اور انسان کے گروہوں کے درمیان اختلافات کی بنیاد کیا ہے؟ |