عراق کے نئے شیعہ وزیراعظم | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
شیعہ عراقی رہنما ابراہیم جعفری کو ملک کی نئی عبوری حکومت کا وزیراعظم مقرر کر دیا گیا ہے۔ ابراہیم جعفری کی تقرری کرد رہنما جلال طالبانی کی بحیثیت عبوری صدر حلف برداری کے کچھ ہی دیر بعد عمل میں آئی ہے۔ عراق کے برخاست ہونے والے وزیراعظم ایاد الاوی مستعفی ہو گئے ہیں لیکن وہ اس وقت تک ملک کا نظم و نسق سنبھالیں گے جب تک ابراہیم جعفری حکومت تشکیل نہیں دے لیتے۔ ملک کی عبوری حکومت کا بنیادی مقصد عراق کے لیے مستقل آئین اور دسمبر میں انتخابات کے انعقاد کی راہ ہموار کرنا ہے۔ اگرچہ ابراہیم جعفری کے پاس حکومتی ارکان نامزد کرنے کے لیے ایک ماہ کا وقت ہے لیکن انہوں نے دو ہفتے میں نئی حکومت تشکیل دینے کا عندیہ دیا ہے۔ عراق کے صدر کی حلف برداری کی تقریب وسطی بغداد میں واقع گرین زون کے علاقے میں انتہائی سخت حفاظتی اقدامات کے درمیان ملکی پارلیمان کے سامنے منعقد کی گئی۔ جلال طالبانی کے دو نائیبین میں عادل عبدالمہدی اور برخاست ہونے والے صدر غازی یاور نے بھی حلف اٹھا لیا ہے۔ عادل عبدالمہدی شیعہ مسلم ہیں جبکہ غازی یاور کا تعلق سنی مکتب فکر سے ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||