 |  قدافی نے فلسطین کے علیحدہ ملک کے مطالبے کو احمقانہ قرار دیا تھا |
فلسطینی حکام نے لیبیا کے صدر معمر قدافی سے فلسطین کے بارے میں اپنے بیان پر فلسطینی عوام سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔ لیبیا کے صدر معمر قدافی نے عرب سربراہ اجلاس میں اپنے خطاب میں فلسطینیوں کو علیحدہ ریاست کا مطالبہ کرنےپر احمق قرار دیا تھا۔ لیبیا کے صدر نے بدھ کو عرب سربراہ اجلاس میں اپنے خطاب میں کہا تھا کہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کو ایک ریاست میں رہنے کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ فلسطین صدر کے ایک سیکریٹری طیب عبدالرحیم نے کہا کہ صدر قدافی کو اپنے مشورے اپنے پاس ہی رکھنے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام پہلے ہیں بہت مشکلات سے دوچار ہیں اور ان کی مشکلات میں اضافہ نہیں کیا جانا چاہیے۔ |