ایک کروڑ ڈالر کی مخبری | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
روس کے خفیہ اداروں نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے چیچنیا کے باغی رہمنا اسلان مسخادوف کی مخبری کرنے والوں کو ایک کروڑ ڈالر ادا کیے ہیں۔ خفیہ اداروں کے ایک ترجمان نے فرانسیسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ کچھ شہریوں نے خفیہ اداروں کو اسلان مسخادوف کے بارے میں اہم اطلاعات فراہم کیں تھیں۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ مسخادوف کو گزشتہ ہفتے اس وقت ایک گوریلا کارروائی میں ہلاک کر دیا گیا تھا جب وہ ایک خفیہ بنکر میں چھپے ہوئے تھے۔ تاہم مسخادوف جو چیچنا کے مسئلے کا حل مذاکرات کے ذریعے کرانے کے حامی تھے ان تمام الزامات کو مسترد کرتے تھے۔ خفیہ اداروں نے یہ نہیں بتایا کہ مسخادوف کے بارے میں کتنے لوگوں نے معلومات فراہم کی تھیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک سے زیادہ لوگوں نے مسخادوف کی مخبری کی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ ان مخبروں کو تمام رقم ادا کر دی گئی اور اگر ضرورت پڑی تو انہیں روس کے کسی دوسرے حصے یا پھر کسی دوسرے مسلمان ملک منتقل کرنے میں بھی مدد فراہم کی جائے گی۔ حکام نے مسخادوف کی لاش ان کے ورثا کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ روس کے قانون کے تحت مبینہ دہشت گردوں یا باغیوں کو بے نشان قبروں میں دفن کیا جاتا ہے۔ مسخادوف کی ہلاکت کو چیچنیا کے باغیوں کے خلاف روسی حکام نے ایک بڑی کامیابی قرار دیا تھا۔ تاہم روس میں ذرائع ابلاغ نے مسخادوف کی ہلاکت کے بارے میں مختلف سوالات اٹھانے شروع کر دیے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے جن ارکان نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا تھا ان کے خیال میں مسخادوف کی ہلاکت اس بنکر میں نہیں ہوئی۔ انہوں نے خیال ظاہر کیا ہے کہ مسخادوف کو کہیں اور گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں تفتیش کے دوران جسمانی تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||