عراق: اسمبلی اجلاس16مارچ کو | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق نے اعلان کیا ہے کہ اس کی منتخب اسمبلی کا پہلا اجلاس سولہ مارچ کو ہوگا۔ عراق کے نائب وزیرِاعظم برہام صالح نے کہا کہ اگر اس وقت تک حکومت تشکیل نہ پا سکی تو اس سلسلے میں مذاکرات اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہی ہوں گے۔ عراقی سیاستدان پانچ ہفتوں سے حکومت کی تشکیل کی کوششوں میں مصروف ہیں اور اعلیٰ عہدوں پر شخصیات کے ناموں پر اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے ابھی تک پارلیمان کا افتتاح نہیں ہو سکا ہے۔ بہرام صالح نے کہا کہ ’ ہم اس بات پر متفق ہیں کہ عراقی پارلیمان کا افتتاحی اجلاس کرد قصبے حلعبجہ پر صدام حسین کی کیمیکل بمباری کی برسی کے موقع پر سولہ مارچ کو ہو گا‘۔سولہ مارچ انیس سو اٹھاسی کو حلعبجہ کے کردوں پر کیمیکل حملے میں پانچ ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس وقت عراقی سیاست میں اختلافات کی وجہ وزیرِاعظم کا عہدہ ہے۔ عراقی انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والے شیعہ گروہ یونائیٹڈ عراقی الائنسں نے ابراہیم جعفری کو وزیرِاعظم کے عہدے کے لیے نامزد کیا ہے۔ عراقی اسمبلی میں صدر اور دو نائب صدور کو منتخب ہونے کے لیے دو تہائی اکثریت حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ یونائیٹڈ عراقی الائنسں کو ایوان میں دو تہائی اکثریت حاصل نہیں ہے اور اسے اس کے لیےدیگرگروپوں کو ساتھ ملانا ہوگا۔ عراق کے موجودہ عبوری وزیرِاعظم ایاد علاوی بھی وزیرِاعظم کے عہدے کے لیے امیدوار ہیں۔ علاوی کی جماعت نے انتخابات میں چالیس نشستیں حاصل کی تھیں۔ایسا لگ رہا ہے کہ انتخابات میں ستتر نشستیں حاصل کرنے والی کر جماعتیں بادشاہ گر کا کردار ادا کریں گی۔ عراق کے آئندہ سیاسی نظام میں وزیرِاعظم کا عہدہ اہم ترین حیثیت رکھتا ہے اور اس کے ذمے ملک کی آئین کی تیاری ہے۔ بغداد سے بی بی سی کے نمائندے کا کہنا ہے کہ کسی معاہدے پر پہنچنا آسان نہیں ہو گا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||