سفارت خانے میں فائرنگ، دو ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
نیپال میں بھارت کے سفارت خانے میں گولیوں کے تبادلے میں دو سکیورٹی محافظ ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بھارت سے تعلق رکھنے والے دو سکیورٹی اہلکاروں میں کسی بات پر بحث چھڑ گئی جس کے نتیجے میں دونوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کر دی۔ سفارت خانے کے عملے کے مطابق کھٹمنڈو میں سفارت خانے پر باہر سے کوئی حملہ نہیں ہوا۔ سفارت خانے نے اس واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ کھٹمنڈو سے بی بی سی کے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ منگل کی صبح کو پیش آیا۔ کھٹمنڈو شہر میں بھارتی سفارت خانہ سب سے بڑا ہے۔ سفارت خانے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ واقعہ سفارت خانے کے رہائشی حصے میں پیش آیا جہاں سفارت خانے کے عملے کے علاوہ سکیورٹی اہلکاروں کے گھر موجود ہیں۔ سفارت خانے کے ایک اہلکار سنجے ورما نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واقعہ حادثاتی طور پر گولی چلنے سے پیش آیا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے تینوں سکیورٹی اہلکار بھارتی نیم فوج دستوں میں شامل تھے اور سفارت خانے کی حفاظت پر معمور تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||