کھٹمنڈو: مسجد پر حملہ، کرفیو | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں سینکڑوں مشتعل لوگوں نے عراق میں بارہ نیپالیوں کے قتل کے خلاف مظاہرے کے دوران ایک جامع مسجد پر حملہ کر دیا اور مسجد کو نقصان پہنچایا۔ شہر میں ان واقعات کے بعد کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ نیپالی مظاہرین مسجد پر حملہ کرتے وقت ’ہم بدلہ لیں گے‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔ ایک فرانسیسی خبر رساں ادارے نے بعض ذرائع کے حوالے سے یہ دعوی کیا ہے کہ مسجد کو آگ لگا دی گئی۔ تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ کچھ مظاہرین نے حکومت کے خلاف بھی نعرے لگائے۔ انہوں نے حکومت کو یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ضروری اقدامات نہ کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ عراق میں بارہ نیپالی یرغمالیوں میں سے گیارہ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا جبکہ ایک کا سر قلم کر کے ہلاک کیا گیا تھا۔ ان کی ہلاک کئے جانے کی تصاویر ایک ویب سائٹ پر شائع کی گئیں تھیں۔ دارالحکومت کھٹمنڈو میں مظاہرین نے مشرق وسطی سے تعلق رکھنے والی فضائی کمپنیوں اور ریکروٹنگ ایجنسیوں کے دفاتر پر بھی حملے کیے۔ مظاہرین نے وزارت محنت کے دفتر کو بھی نقصان پہنچایا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||