 |  ’اسرائیل پر حملے اس کو امن مذاکرات میں تاخیر کا موقع فراہم کرتے ہیں‘ |
فلسطینی انتظامیہ کے نو منتخب صدر محمود عباس نے سیکیورٹی کے حکام کو حکم دیا ہے کہ وہ اسرائیل پر شدت پسندوں کے حملے روکنے کے لیے اقدامات کریں۔ غرب اردن کے شہر رملہ میں کابینہ کے ایک اجلاس کے بعد فلسطینی انتظامیہ کے وزیر مواصلات اعظم الاحمد نے کہا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد تشدد کا خاتمہ ہے اور اسرائیلی فوجی کارروائیاں بھی بند ہونی چاہیں۔ محمود عباس کی اپیل سے پہلے فلسطین کی آزادی کے لیے کام کرنے والی تنظیم پی ایل او کی انتظامیہ نے بھی اتوار کو شدت پسند گروہوں کو حملے روک دینے کا حکم دیا تھا۔ پی ایل او کا کہنا تھا کہ اسرائیل پر حملے اُس کو امن مذاکرات میں رکاوٹ ڈالنے کا بہانہ فراہم کرتے ہیں اور فلسطینیوں کے مفاد کو نقصان پہنچتا ہے۔ تازہ ترین حملوں میں غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے دو فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔ محمود عباس اسی ہفتے جنگ بندی کے لیے عسکریت پسند تنظیموں سے مذاکرات کرنے غزہ جائیں گے۔ |