 |  ہلاک ہونے والے کچھ افراد کی لاشیں بری طرح مسخ ہو گئی ہیں |
فلسطین میں غزہ کے شمالی علاقے میں سات فلسطینی ہلاک اور بہت سے زخمی ہو گئے ہیں۔ ہسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ٹینک کے گولوں کا نشانہ بنے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں کے رشتہ داروں نے کہا ہے کہ وہ سارے بچے یا کم سن لڑکےتھے جن میں چھ ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ اسرائیلی ٹینکوں نے فلسطینی مارٹر حملے کے رد عمل میں فائر کیا تھا۔ اسرائیلی فوجی ذرائع نے کہا کہ فلسطینی مارٹر حملے میں ایک اسرائیلی معمولی طور پر زخمی ہو گیا تھا۔ تاہم انہوں نے اسرائیلی ٹینک کی فائرنگ کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔ فلسطینی عینی شاہدوں نے کہا ہے کہ اسرائیلی ٹینک سے فائر کئے گئے دو گولے بیت لہیا کی آبادی کے سرے پر واقع دو گھروں پر لگے ۔ اس وقت بچے، عورتیں اور کچھ کسان گلی میں موجود تھے۔ ہسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دو افراد کے ٹکڑے ٹکڑے ہو گئے جب کے دو زخمی تشویش ناک حالت میں ہیں۔ فلسطینی شدت پسندوں نے غزہ میں اسرائیلی بستیوں پر راکٹ اور مارٹروں کے حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ فلسطینی کابینہ کے رکن صائب ارکات نے اسرائیل کی طرف سے اس جارحیت کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے کہا کہ وہ اس جارحیت کو بند کرنے کے لیے اسرائیل پر زور دیں۔ |