جدہ: قونصلیٹ پر حملہ، بارہ ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سعودی عرب کے شہر جدہ میں مسلح حملہ آوروں کے امریکی قونصلیٹ پر حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بارہ تک پہنچ گئی ہے۔ سعودی وزارتِ داخلہ کے ترجمان کے مطابق عمارت پر قبضے کے لیے ہونے والی لڑائی میں چار سعودی فوجی اہلکار اور تین حملہ آوروں کے علاوہ سفارت خانے کے عملے کے پانچ مقامی ارکان بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔ جبکہ دو حملہ آوروں کوگرفتار کر لیا گیا ہے۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ حملہ آوروں نےعمارت میں داخل ہونے سے پہلے مرکزی دروازے سےعمارت پر بم پھینکے ۔حملے سے عمارت میں آگ لگ گئی اور علاقے سے فائرنگ کا آوازیں بھی سنی گئیں۔ قونصلیٹ کی عمارت سے شعلے اور دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے جا سکتے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عمارت سے زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ عمارت میں موجود تمام امریکی خیریت سے ہیں جبکہ مقامی افراد کی خیریت کے بارے میں تفصیلات حاصل نہیں کی جا سکیں ہیں۔ ریاض میں امریکی سفارت خانے کی ترجمان کیرول کیلن نے بتایا کہ’ ہم نے جدہ کمپاؤنڈ میں موجود تمام امریکیوں کی موجودگی کی تصدیق کر لی ہے اور ان میں سے کسی کو یرغمالی نہیں بنایا گیا‘۔
ترجمان کے مطابق کسی امریکی کے ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہیں۔ امریکی ترجمان کے مطابق ریاض اور دہران میں واقع امریکی سفارت خانوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ سعودی پولیس اور فوج کے سینکڑوں اہلکاروں نےعلاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے۔ سعودی عرب میں2003 کے اوائل سے غیر ملکیوں پر حملوں کے آغاز کے بعد سے امریکی سفارت خانوں پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ سعودی عرب میں غیر ملکیوں پر حملے کا تازہ ترین واقعہ مئی میں پیش آیا تھا جب حملہ آوروں نے ’خبر‘ شہر میں حملہ کر کے انتیس افراد کو ہلاک کر دیا تھا جن میں سے بائیس افراد غیرملکی تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||