یہ امریکہ پر ہماری فتح ہے: ایران | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایران کے ایک اعلٰی اہلکار نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا یہ بیان کہ وہ ایران کی جوہری سرگرمیوں پر پابندیاں عائد نہیں کرے گا، امریکہ پر ایران کی فتح ہے۔ حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران کبھی بھی جوہری طاقت حاصل کرنے کے اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ یورینیم افزودہ کرنے کا عمل صرف وقتی طور پر منجمد کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے ادارے آئی اے ای اے نے پیر کو ایران کے اس اعلان کا خیر مقدم کیا تھا کہ وہ یورینیم کی افزودگی معطل کررہا ہے۔ امریکہ کا اصرار ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ایران پر پابندیاں عائد کرے۔ حسن روحانی نے کہا ’تمام دنیا نے امریکہ کے مطالبے کو مسترد کردیا ہے‘۔ ’ہم نے بطور ایک عالمی انسٹیٹیوشن، یہ ثابت کردیا ہے کہ ہم امریکہ کو دنیا سے الگ تھلگ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں جو ایک بہت بڑی فتح ہے‘۔ انہوں نے مزید کہا ’ویانا میں آئی اے ای اے کے اجلاس کے دوران امریکی نمائندہ غصہ میں تھا اور سب ہی کا یہ کہنا تھا کہ امریکہ ناکام ہوگیا ہے اور جیت ہماری ہوئی ہے۔‘ پیر کو آئی اے ای اے کی قرارداد کے بعد جوہری تنازعہ کے بارے میں یہ ایران کا پہلا بیان ہے۔ حسن روحانی کے مطابق یورینیم کی افزودگی یورپی یونین سے مذاکرات کے دورانیہ تک معطل رہے گی۔ بی بی سی کے نامہ نگار فرانسس ہیریسن کا کہنا ہے کہ ایران کو امید ہے کہ وہ یورپ کو یہ یقین دہانی کراسکے گا کہ اس کی جوہری سرگرمیوں کا اسلحہ کے خفیہ پروگرام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ حسن روحانی کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے ساتھ مذاکرات زیادہ طویل عرصے جاری نہیں رہنے چاہئیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||