الاقصٰی بریگیڈ، عباس کا حامی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
فلسطین کی الفتح تنظیم کے مسلح دھڑے الاقصٰی بریگیڈ نے صدرارتی انتخابات کے لیے الفتح کے نامزد امیدوار محمود عباس کا حمایت کا اعلان کیا ہے۔ محمود عباس کو ایک معتدل مزاج رہنما سمجھا جاتا ہے اور یہ سوال بار بار اٹھتا رہا ہے کہ الفتح کے عسکری رہنما ان کا ساتھ دیں گے یا نہیں۔ محمود عباس مسلح فلسطینی مزاحمت کے مخالفین میں سے ہیں جبکہ الاقصٰی بریگیڈ مکمل طور پر مسلح جدوجہد پر کاربند ہے۔ اگرچہ الاقصٰی بریگیڈ مختلف دھڑوں میں منقسم ہے لیکن محمود عباس کی حمایت کے مسئلہ پر تمام دھڑوں کا مشترکہ موقف سامنے آیا ہے۔الفتح کا سیاسی دھڑا پہلے ہی محمود عباس کو صدارتی انتخابات کے لیے اپنا واحد امیدوار منتخب کر چکا ہے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ محمود عباس کے لیے الاقصٰی بریگیڈ کی حمایت کے اعلان کے پیچھے مروان برغوثی کا ہاتھ ہے۔ مروان برغوثی نے دو روز پہلے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ وہ خود انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے اور انہوں نے اپنے حامیوں سے اپیل کی تھی کہ وہ محمود عباس کی حمایت کریں۔ الاقصٰی بریگیڈ نے محمود عباس کی پالیسیوں پر نظر رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اگر محمود عباس اسرائیل کے ساتھ زیادہ نرم رویے کا مظاہرہ کرتے ہیں تو انہیں شدت پسندوں کی جانب سے شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا اور ان کا یہ عمل الفتح کی تقسیم کا باعث ہوگا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||