عرفات: حالت بہتر، موڈ خوشگوار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
فلسطینی رہنما یاسر عرفات کی حالت اب بہتر ہے اور بتایا گیا ہے کہ وہ خوشگوار موڈ میں تھے۔ عرفات فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے قریب ایک فوجی ہسپتال میں ہیں اور ان کے ایک سینیئر ساتھی اور فلسطین کے وزیر خارجہ نبیل شاعت کا کہنا ہے کہ ان کے کئی طبی معائنے کیے گئے ہیں تاہم کسی ایسی بیماری کا انکشاف نہیں ہوا جو کسی طرح جان لیوا ہو۔ تاہم ابھی تک ڈاکٹروں نے ان کی بیماری کے بارے میں کوئی باقاعدہ اعلان نہیں کیا۔ 75 سالہ یاسر عرفات نے اتوار کو دودھ دلیا لیا اور چائے پی۔ فرانس میں فلسطینی اتھارٹی کی مندوب لیلیٰ شاہد کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر بدھ تک عرفات کے بارے میں رپورٹ دے دیں گے۔ لیلیٰ شاہد نے بتایا گیا ہے کہ عرفات کو ان کے مداح دنیا بھر سے نیک تمناؤں اور حمایت پر مبنی خطوط بھیج رہے ہیں۔ عرفات جس ہسپتال میں داخل ہیں وہ خون کی بیماریوں کے علاج میں خصوصی شہرت کا حامل ہے تاہم ان کے دماغ اور جسم کی بھی سکینننگ کی گئی ہے۔ یاسرعرفات دو ہفتے سے معدے کے درد میں مبتلا تھے اور بدھ کی رات حالت زیادہ خراب ہونے کی بنا پر ڈاکٹروں نے بیرونِ ملک علاج کا مشورہ دیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||