دمشق میں حماس کے سینیئر رہنما ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
شام کے دارالحکومت دمشق میں فلسطینی تنظیم حماس کے ایک اعلی رہنما عز الدين شیخ خلیل ایک کار بم دھماکے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ شیخ خلیل کی کار میں لگائے گئے بم کے پھٹ جانے سے وہ ہلاک ہوگئے جب کہ ان کی کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ حماس نے شیخ خلیل کی ہلاکت کا ذمہ دار اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کو ٹھہرایا ہے اور ان کا بدلہ لینے کا عزم کیا ہے۔ اسرائیلی حکومت نے اگست میں اسرائیل میں ہونے والے خودکش حملوں کے بعد حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔ اگست میں ہونے والے اس حملے میں، جس کی ذمہ داری حماس نے قبول کی تھی، سولہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ حماس کے ترجمان مشاہر المصری نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ہم موساد کو اس قتل کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔ خلیل جن کی عمر چالیس سال تھی حماس کے بانیوں میں سے تھے اور حماس کے عسکری شعبے سے منسلک تھے۔ وہ حماس کے ایک اور سینیئر رہنما خالد مشعل کے ساتھ دمشق میں مقیم تھے۔ شیخ خلیل ان چار سو فلسطینی شدت پسندوں میں شامل تھے جنہیں اسرائیل نے انیس سو نوے میں لبنان نکال دیا تھا۔ گزشتہ اکتوبر میں اسرائیل نے شام کی سرزمین پر تیس سال بعد دوبارہ حملہ کیا تھا جب اس نے اس کے بقول ایک فلسطینی شدت پسندوں کے کیمپ کو نشانہ بنایا تھا۔ شام اور اسرائیل کے تعلقات گولان کی پہاڑیوں پر انیس سو سڑسٹھ میں اسرائیلی قبصے کے بعد سے کشیدہ ہیں۔ شام اسرائیلی مخالف شدت پسند گروپ حماس کی حمایت کرتا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||