غزہ جھڑپیں، آٹھ فلسطینی ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
غزہ میں شدید لڑائی کے کے دوران آٹھ فلسطینی ہلاک جبکہ پانچ اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں حماس کے ایک کمانڈر اور ایک الاقصٰی مارٹر بریگیڈ رکن بتائے جاتے ہیں۔ زیادہ تر ہلاک ہونے والوں کا تعلق بیت الحنون سے ہے جہاں اسرائیلی فوج راکٹ حملوں کو روکنے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے۔ اسرائیلی فوج پچھلے مہینے بیت الحنون میں داخل ہوئی تھی۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ اس علاقے میں کارروائی اسرائیلی علاقوں پر راکٹ فائر ہونے کے امکانات کو ختم کرنے کے لیے کر رہی ہے۔ بدھ کو تین فلسطینی اس وقت زخمی ہو گئے تھے جب ایک اسرائیلی گن شپ ہیلی کاپٹر نے ایک کار پر میزائیل فائر کیا جس میں، اسرائیل کے مطابق، حماس کے لوگ سفر کر رہے تھے۔ زخمی ہونے والوں میں ایک تین سال ک بچہ بھی شامل ہے۔ اسرائیل نے اس سال میزائیل حملوں میں حماس کے لیڈر شیخ احمد یاسین اور عبدل العزیز رنتیسی کو بھی ہلاک کیا تھا۔ بیت الحنون کے علاوہ اسرائیلی فوج جنوبی غزہ کے علاقے میں کارروائی کر رہی ہے اور بکتر بند گاڑیاں اور بلڈوزر خان یونس کے علاقے میں داخل ہو گئے ہیں۔ اسرا ئیلی فوج کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ خان یونس میں اس عمارت کو تباہ کرنا چاہتے ہیں جہاں سے اسرائیلی علاقوں ہر راکٹ فائر کیے گئے تھے۔ غزہ شہر میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے شہر کے گرد مورچے سنبھالنے کے بعد یہ سب سے شدید لڑائی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||