فلسطینی انتفادہ کے لیڈر کو عمر قید | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایک اسرائیلی عدالت نے فلسطینی تحریک انتفادہ کے لیڈر مروان برغوتی کو چار اسرائیلیوں اور ایک یونانی راہب کو قتل کرنے کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ مسٹر برغوتی کو، جو غرب اردن میں یاسر عرفات کی تنظیم فتح کے سربراہ تھے، ہر قتل کے جرم میں عمر قید کی الگ الگ سزا سنائی گئی ہے، اس کے علاوہ اقدام قتل اور ایک ’دہشت گرد تنظیم‘ کا رکن ہونے کے سلسلے میں چالیس سال مزید قید سنائی ہے۔ عدالت میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ مسٹر برغوتی سماعت کے دوران مسلسل بولتے رہے حالانکہ ججوں نے کئی بار ان سے خاموش بیٹھنے کی درخواست کی۔ انہوں نے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضہ کی مخالفت کو دہراتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی آزادی کے لئے انتفادہ تحریک کا جاری رہنا لازمی ہے۔ جس وقت انہیں عدالت سے لے جایا جا رہا تھا تو انہوں نے کہا کہ انتفادہ تحریک جاری رہے گی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||