طائف میں فائرنگ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سعودی عرب کے شہر طائف کے قریب منگل کو پولیس اور اسلامی شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق طائف اور مکہ کے درمیان ایک پہاڑی راستے پر قائم پولیس کی چوکی پر اسلامی شدت پسندوں نے فائرنگ کر دی جس کے جواب میں پولیس نے بھی فائرنگ کی۔ پولیس اور شدت پسندوں میں فائرنگ کے اس تبادلہ میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں۔ الـجزیرہ ٹی وی نےایک مقامی صحافی کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس پہاڑی سلسلے میں پولیس نے شدت پسندوں کی تلاش کا کام شروع کر دیا ہے۔ سعودی حکام نے گزشتہ ہفتے الخبر میں بائیس یرغمالیوں کی ہلاکت کے بعد غیر ملکیوں خاص طور پر مغربی باشندوں اور ان کی املاک کے لیے خفاظتی انتظامات سخت کر دیے ہیں۔ الخبر کے واقعات میں ملوث تین شدت پسند فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ یہ بات فوری طور پر واضح نہیں ہو سکی کے کیا فائرنگ کے اس واقعہ کا الخبر کے واقعات سے کوئی تعلق ہے۔ دنیا کے سب سے بڑے تیل پیدا کرنے والے اس ملک میں بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات کی وجہ سے تیل کی عالمی منڈی عدم استحکام کا شکار ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||