نجف میں مقدس مقامات کو نقصان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق میں شیعہ رہنما مقتدیٰ الصدر کی ملیشیا اور امریکی فوج میں ہونے والی جھڑپوں میں مسلمانوں کے مقدس ترین مقامات کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ مقتدیٰ الصدر نے ان مقدس مقامات کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لینے کے لئے نجف کا دورہ کیا۔ عرب ٹی وی چینل الجزیرہ نے ان مقامات کو پہنچنے والے نقصان کی تصاویر بھی دکھائی ہیں جن میں چند زخمی بھی زمین پر گرے نظر آ رہے ہیں۔ نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ نجف میں کم از کم تین افراد کے زخمی ہونے کے سبب عراق کی شیعہ اکثریتی آبادی مشتعل ہو سکتی ہے۔ اس سے پہلے کوفہ اور نجف میں رات بھر جاری رہنے والی لڑائی میں کم از کم پانچ عام شہری ہلاک اور انیس زخمی ہو گئے تھے۔
دریں اثناء بغداد میں آسٹریلیا کے سفارتی مشن اور آسٹریلوی فوجی چوکی کے قریب مبینہ کار بم دھماکہ بھی ہوا جس میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا یہ خودکش حملہ آور کی کارروائی تھی یا نہیں۔ اس کے علاوہ پیر کو بغداد کے شمال مغرب میں واقع ایک امریکی فوجی چوکی پر راکٹ حملے میں ایک امریکی فوجی ہلاک اور چار زخمی ہو گئے تھے۔ اس کے علاوہ کرکوک میں ملک کے اقلیتی ترک باشندوں کے نمائندہ سیاستدان احمد نجم الدین کو شام کے وقت دفتر سے جاتے ہوئے ہلاک کر دیا گیا۔ الجزیرہ ٹی وی کے مطابق نجف اور کربلا کے درمیان واقع شہر کُت کے باہر ایک پُل کو دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||