 |  بغداد میں دھماکے جاری |
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بغداد میں ہونے والے دو علیحدہ حملوں کے باعث چار امریکی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ امریکی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ سنیچر کی شام بغداد کے جنوب مشرق میں گشت کے دوران ایک دھماکے کے باعث تین فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔ اس کے علاوہ اتوار کو بغداد میں ایک سڑک کے کنارے ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ایک فوجی زخموں کی تاب نہ لا کر ہلاک ہو گیا۔ یہ امریکی فرسٹ انفنٹری ڈویژن سے تعلق رکھتا تھا جو عراق میں کچھ ہی روز پہلے تعینات کیا گیا ہے۔ سمجھا یہ جا رہا ہے کہ عراق میں جنگجوؤں کے حملوں کا انداز بدل رہا ہے۔ کچھ پہلے تک اِنتہا پسند عناصر یا تو عراق میں نو تشکیل شدہ سیکیورٹی دستوں پر حملے کرتے تھے یا کسی بھی ایسے فرد پر جو امریکی اور قابض افواج سے تعاون کر رہا ہو۔ |