 |  بی جے پی مسلم ووٹ جیتنےکی کوشش کررہی ہے۔ |
ہندوستان کے وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ امن سے مل کر رہے۔ مسٹر واجپائی نے دہلی مسلمانوں کے ایک خصوصی کنونشن سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ملکوں کو جنگ کرنا ہے تو ایک دوسرے کی بجائے بھوک اور بے روزگاری کے خلاف کریں۔ مسٹر واجپائی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی ملک میں آیندہ الیکشن کی تیاری میں ہندوستان کی تیرہ کروڑ مسلم آبادی کے ووٹ جیتنے کی کوشش بھی کر رہی ہے جو روایتی طور پر اس جماعت کی سخت گیر ہندو پالیسیوں سے خوش نہیں رہتی۔ منگل کے روز اپوزیشن کی کانگریس پارٹی کے ایک رہنما عارف محمد خان نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی تھی اور کہا تھا کہ وہ مسلم کمیونٹی اور بی جے پی کے درمیان موجود خلیج کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔ |