’پاکستان کو پوری دنیا میں تنہا کر دیں گے‘

بھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کو پوری دنیا میں الگ تھلگ کرنے میں کامیاب رہا ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنبھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کو پوری دنیا میں الگ تھلگ کرنے میں کامیاب رہا ہے

انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ان کا ملک پوری دنیا میں پاکستان کو الگ تھلگ رہنے پر مجبور کردے گا۔

انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں اوڑی قصبے میں بھارتی فوج کی بریگیڈ کیمپ پر ہونے والے حملے کے بعد بھارتی وزیراعظم کا یہ پہلا عوامی خطاب تھا جس میں انھوں نے اس حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے 18 جوانوں کی قربانی بے کار نہیں جائے گی۔‘

٭ <link type="page"><caption> ’کشمیر حملے کی بین الاقوامی تحقیقات کروائی جائیں‘</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/regional/2016/09/160924_sartaj_aziz_uri_atk" platform="highweb"/></link>

٭ <link type="page"><caption> جنگ سے پہلے امن کے بہت سے راستے ہیں</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/regional/2016/09/160924_india_pakistan_war_and_peace_zis" platform="highweb"/></link>

٭ <link type="page"><caption> جارحانہ سفارت کاری کا فائدہ کس کو؟</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/regional/2016/09/160923_indopak_diplomacy_si" platform="highweb"/></link>

سنیچر کو ریاست کیرالہ کے شہر كوجھكوڈ میں بی جے پی کی ریلی میں خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کو پوری دنیا میں الگ تھلگ کرنے میں کامیاب رہا ہے اور وہ یہ کام مزید تیز کریں گے۔

خیال رہے کہ اوڑی حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات ایک بار پھر کشیدگی کا شکار ہیں اور انڈین حکام کی جانب سے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستانی وزیرِاعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے اوڑی حملے کی بین الاقوامی تحقیقیات کروانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ غیرجانبدارانہ تفتیش ہوسکے۔

لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کا ماحول ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنلائن آف کنٹرول پر کشیدگی کا ماحول ہے

کیرالہ میں نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ’وہ دن دور نہیں ہوگا جب پاکستان کے عوام پاکستان کے رہنماؤں کے خلاف اور دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے میدان میں آئے گی۔‘

نریندر مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’پاکستان کے عوام اپنے رہنماؤں سے پوچھیں کہ پی او کے (پاکستان کے زیرانتظام کشمیر) تو آپ کے پاس ہے، آپ اس کو سنبھال نہیں پاتے۔ کبھی مشرقی پاکستان جو آج کا بنگلہ دیش ہے وہ بھی آپ کے پاس تھا، اس کو بھی سنبھال نہیں پائے۔‘

’آپ سندھ کو سنبھال نہیں پا رہے ہو، آپ گلگت کو سنبھال نہیں پا رہے ہو، آپ (خیبر) پختونواہ کو نہیں سنبھال پا رہے ہو، آپ بلوچستان کو نہیں سنبھال پا رہے ہو۔ یہ تو آپ کے پاس ہے، آپ کی حکومت ہے، آپ ان کو بھی نہیں سنبھال پائے ہو اور آپ سے کشمیر کی باتیں کر کے یہ آپ کو گمراہ کر رہے ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’دونوں ملک ایک ساتھ آزاد ہوئے کہ کیا وجہ ہے کہ ہندوستان دنیا میں سافٹ ویئر برآمد کرتا ہے اور آپ کے رہنما دہشت گردوں کو برآمد کرتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی عوام، میں آپ سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہندوستان آپ سے لڑائی لڑنے کے لیے تیار ہے۔ آؤ ہم غربت کو ختم کرنے کا کام کریں، بے روزگاری کو ختم کرنے کی جنگ لڑیں. دیکھتے ہیں پہلے کون جیتتا ہے۔‘