افغانستان: ہلمند کے ضلع ناوا میں طالبان کی پسپائی

افغانستان کی افواج نے شدید لڑائی کے بعد صوبے ہلمند کے مرکزی ضلعے ناوا پر افغان طالبان کے قبضے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ناوا جانے والی مرکزی شاہراہ تاحال بند ہے لیکن افغانستان کی افواج مرکزی شاہراہ کے بجائے جنوبی راستے سے داخل ہوئیں۔
طالبان کے شدت پسندوں اور حکومتی افواج کے درمیان ہونے والی لڑائی میں بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔
ہلمند صوبے کے گورنر کا کہنا ہے کہ وہ اس آپریشن میں ذاتی طور پر شامل رہے ہیں۔
ہلمند کے گورنر کے ترجمان عمر زواک نے بی بی سی کو بتایا کہ گذشتہ رات سے اب تک ناوا اور ناد علی ضلعوں میں ہونے والی لڑائی میں طالبان کے 80 شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔
ہلمند کے صوبائی کونسل کے سربراہ کے مطابق اس آپریشن کے بعد طالبان کو صوبائی دارالحکومت لشکرگاہ سے پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔
وزارتِ دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے بتایا کہ ’لشکر گاہ میں سکیورٹی کی صورتحال قابو میں ہے۔‘
ترجمان دولت وزیری نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہم نے ناوا پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ مضافاتی علاقوں میں لڑائی جاری ہے لیکن کلیئرنس آپریشن میں ہمیں کامیابی ہو رہی ہے۔‘ انھوں نے کہا کہ اس لڑائی میں درجنوں طالبان زخمی ہوئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ گذشتہ چند دونوں کے دوران ہلمند حکومتی افواج اور طالبان کے درمیان میدانِ جنگ بنا ہوا ہے اور دارالحکومت لشکر گاہ سے ہزاروں افراد نے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شہر میں پانی اور خوراک کی قلت ہے۔
ہلمند کا شمار افغانستان کے اُن صوبوں میں ہوتا ہے جہاں امریکہ اور اتحادی افواج کو سب سے زیادہ مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
افغانستان سے امریکہ افواج کے انخلا کے بعد بھی امریکہ نے حالیہ مہینوں کے دوران ہلمند اور قندوز میں سینکڑوں فوجیوں کو تعینات کیا ہے۔







