راج ناتھ سنگھ کے دورۂ پاکستان کے خلاف احتجاج

انڈیا میں سخت گیر ہندو تنظیم ’ہندو ‎سینا‘ کے کارکنوں نے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے دورۂ پاکستان کے خلاف پارلیمان کے باہر احتجاج کیا ہے۔

راج ناتھ سنگھ سارک ملکوں کی وزرائے داخلہ کی کانفرنس میں شرکت کے لیے بدھ کو اسلام آباد پہنچنے والے ہیں۔

انڈین وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ اس دورے میں سارک اجلاس کے علاوہ راج ناتھ سنگھ کی پاکستانی حکام سے کسی قسم کی دیگر بات چیت کا امکان نہیں ہے۔

دہلی سے نامہ نگار شکیل اختر کے مطابق منگل کو ہونے والے احتجاج میں شریک ہندو سینا کے کارکنوں کا کہنا تھا کہ پاکستان انڈیا میں دہشت گردی میں ملوث ہے اور انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں شورش کے لیے ذمے دار ہے اس لیے راج ناتھ سنگھ کو یہ دورہ منسوخ کرنا چاہیے۔

مظاہرین پاکستان کے خلاف نعرے بازی بھی کرتے رہے اور کچھ افراد نے وزیرِ داخلہ کے پوسٹر بھی نذرِ آتش کیے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ انڈیا کا کوئی بھی شہری اس خیال سے متفق نہیں کہ راج ناتھ کو پاکستان جانا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ راج ناتھ کا پاکستان کا دورہ انڈیا کے لیے جان دینے والوں کی توہین کے مترادف ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ بات چیت کے عمل کے خلاف نہیں تاہم ماضی میں پاکستان سے بات کرنے کا نتیجہ شدت پسندی کی ایک نئی واردات کی شکل میں ہی نکلا ہے۔