اڑیسہ میں بس کھائی میں گرنے سے 25 ہلاک

،تصویر کا ذریعہ
انڈیا کی مشرقی ریاست اڑیسہ میں ایک ثقافتی طائفے کو لے جانے والی بس کے کھائی میں گرنے سے 25 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
یہ حادثہ اتوار کی شب دیو گڑھ کے علاقے میں پیش آیا جہاں بس ایک 250 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔
پولیس حکام کے مطابق بس دیو گڑھ سے برگڑھ جا رہی تھی کہ موڑ کاٹتے ہوئے بےقابو ہو کر حادثے کا شکار ہوگئی۔
مذکورہ بس پر 40 افراد سوار تھے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
دیو گڑھ کے پولیس سپرٹنڈنٹ سارا شرما نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا ہے کہ جائے حادثہ سے ’ 25 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ 11 افراد شدید زخمی ہیں اور ان کی حالت نازک ہے۔‘
انھوں نے بتایا کہ امدادی کارروائیوں میں فائر بریگیڈ اور پولیس کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں اور زخمیوں کو دیوگڑھ کے ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔
سارا شرما نے بتایا کہ گھنے جنگلوں والا پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے امدادی کام میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
خیال رہے کہ بھارت میں ہر سال دو لاکھ 30 ہزار سے زیادہ افراد سڑکوں پر حادثات کا شکار ہوتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خراب سٹرکیں اور پرانی گاڑیاں اکثر ان مہلک حادثوں کا سبب بنتی ہیں۔
دنیا میں موجود گاڑیوں کا صرف ایک فیصد بھارت میں ہے لیکن حادثوں میں ہونےوالی ہلاکتوں میں بھارت کا حصہ 15 فیصد ہے۔







