کشمیر میں بس کھائی میں گرنے سے 20 افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارت کے زیرِانتظام کشمیر میں ایک مسافر بس کھائی میں گرنے کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی نے پولیس حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ مسافروں سے بھری بس ادھم پور شہر جا رہی تھی کہ سری نگر سے 200 کلومیٹر دور ماروٹھی گاؤں کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں گر گئی۔
انسپکٹر جنرل پولیس دانش رانا کے مطابق بظاہرڈرائیور کا موڑ پر بس پر کنٹرول نہیں رہا جس کے نتیجے میں یہ کھائی میں گر گئی۔
انھوں نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں 25 افراد زخمی ہوئے ہیں جنھیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے انسپکٹر جنرل پولیس دانش رانا کے حوالے سے بتایا ہے کہ بظاہر مسافر بس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے۔
زخمیوں میں سے بعض کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا اور ان میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتایی جا رہی ہے۔
بھارت اور اس کے زیرانتظام علاقوں میں سڑکوں کی خراب صورتحال اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں سالانہ ہزاروں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
عالمی ادارہ صحت کے مطابق بھارت میں سڑک کے حادثات میں سالانہ دو لاکھ ہلاکتیں ہوتی ہیں۔







