آندھرا پردیش:بس میں آگ لگنے سے 42 افراد ہلاک

بھارت میں ٹریفک حادثے عام ہیں اور ہر برس ہزاروں افراد ان حادثات میں ہلاک اور زخمی ہوتے ہیں
،تصویر کا کیپشنبھارت میں ٹریفک حادثے عام ہیں اور ہر برس ہزاروں افراد ان حادثات میں ہلاک اور زخمی ہوتے ہیں

بھارت کی ریاست آندھرا پردیش میں پولیس کے مطابق ایک بس میں آگ لگنے سے کم از کم 42 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

یہ واقعہ بدھ کو ضلع محبوب نگر کے علاقے كوتھاكوٹا میں صبح پانچ بجے کے قریب پیش آیا۔

محبوب نگر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ناگیندر کمار نے بی بی سی کو فون پر بتایا کہ یہ ایک نجی کمپنی کی بس تھی جو حادثے کے وقت بنگلور سے حیدرآباد جا رہی تھی۔

انہوں نے اس حادثے میں بیالیس افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی اور کہا کہ بس کے ڈرائیور اور ہیلپر سمیت سات لوگ بس سے نکلنے میں کامیاب ہو سکے۔

پولیس افسر کے مطابق جب بس میں جب آگ لگی تب اس میں سوار زیادہ تر لوگ سو رہے تھے اور کسی کو بھاگنے کا وقت ہی نہیں ملا۔

انہوں نے بتایا کہ ٹریول کمپنی سے مسافروں کی فہرست منگوائي گئی جس کے بعد ہی بس میں موجود مسافروں کی صحیح تعداد کا اندازہ ہو سکا ہے۔

بری طرح سے جل چکی لاشوں کو حیدرآباد کے سرکاری ہسپتال میں لایا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق بس میں آتشزدگی کی صحیح وجہ تو تفتیش کے بعد ہی سامنے آ سکے گی لیکن بظاہر اس کی ایندھن کی ٹنکی سڑک پر موجود ایک رکاوٹ سے ٹکرائی جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی۔

مقامی پولیس کے ترجمان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ پولیس نے حادثے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کرنے والے بس کے ڈرائیور اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں ٹریفک حادثے عام ہیں اور سنہ دو ہزار آٹھ میں بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک بس میں آگ لگنے سے 60 سے زیادہ افراد مارے گئے تھے۔

نامہ نگاروں کے مطابق بھارت میں ٹریفک حادثوں کی بڑی وجوہات گاڑیوں کی خراب حالت، گنجائش سے زیادہ مسافر بٹھانا اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ قرار دی جاتی ہیں۔