مودی کے لیے سعودی عرب کا سب سے بڑا سول ایوارڈ

انھیں یہ ایوارڈ دہلی کے لیے روانگی سے قبل شاہی دربار میں عطا کیا گیا

،تصویر کا ذریعہMEA twitter

،تصویر کا کیپشنانھیں یہ ایوارڈ دہلی کے لیے روانگی سے قبل شاہی دربار میں عطا کیا گیا

انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی کو سعودی عرب نے ملک کے سب سے بڑے سول اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

انڈیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے اتوار کو ٹویٹ کے ذریعے اس بابت معلومات فراہم کی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو سعودی عرب کا سب سے بڑا سول اعزاز ’شاہ عبدالعزیز ایوارڈ‘ دیا گیا ہے۔

مودی کو یہ اعزاز ان کے دو روزہ سعودی عرب کے دورے کے آخری دن ہفتے کو دیا گیا۔

مودی کے اس دورے میں بھارت اور سعودی عرب کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری بڑھانے اور سٹریٹجک تعاون کے کئی معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے۔

وزیر اعظم مودی نے سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ٹویٹ کیا: ’عالی جاہ شاہ سلیمان بن عبدالعزیز السعود کے ساتھ عظیم ملاقات رہی۔ ہم لوگ بھارت اور سعودی کے درمیان مضبوط تعلقات کے لیے پابند ہیں۔‘

مزید لکھا: ’شکریہ سعودی عرب۔ بہت سے پروگرام میں شرکت کی جو ہمارے ملکوں کے درمیان معاشی اور لوگوں کے درمیان رابطے کو مضبوطی فراہم کرے گا۔‘

وکاس سوروپ کا ٹویٹ

،تصویر کا ذریعہOther

،تصویر کا کیپشنوکاس سوروپ کا ٹویٹ

مودی تین ممالک کے اپنی حالیہ دورے کے آخری مرحلے میں سعودی عرب پہنچے تھے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری تصاویر میں سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ہاتھوں مودی کو یہ اعزاز لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

انھیں یہ ایوارڈ دہلی کے لیے روانگی سے قبل شاہی دربار میں عطا کیا گیا۔

اس سے قبل دن میں مودی نے شاہ سلیمان کو بھارت آنے کی دعوت دی جنھیں انھوں نے قبول کیا۔