نریندر مودی سعودی عرب پہنچ گئے

،تصویر کا ذریعہAP
انڈیا کے وزیرِ اعظم نریندر مودی سنیچر کو سعودی عرب پہنچے ہیں جہاں وہ توانائی، سکیورٹی اور تجارتی تعلقات پر سعودی رہنماؤں سے بات چیت کریں گے۔
خیال رہے کہ انڈیا اپنی ضروریات کا 80 فیصد خام تیل کی درآمد سے پورا کرتا ہے۔
انڈیا کی وزارتِ خارجہ کے ایک اہلکار شری کمار کا نریندر مودی کے دورۂ سعودی عرب سے پہلے کہنا تھا کہ ان کا ملک سعودی عرب سے 20 فیصد خام تیل درآمد کرتا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے انڈیا کی وزارتِ خارجہ کے اہلکار کے حوالے سے بتایا ’ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ سعودی عرب سے خام تیل کی درآمد جاری رہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی وزیرِ اعظم سعودی بادشاہ سلمان سے اس حوالے سے بات چیت کریں گے۔
ادھر سعودی پریس ایجنسی نے بھی نریندر مودی کی سعودی عرب آمد کی خبر شائع کی ہے تاہم ان کے دورے کی مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔
انڈیا کی وزارتِ خارجہ کے اہلکار شری کمار نے کہا کہ نریندر مودی کا دورۂ سعودی عرب بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے جس میں دو طرفہ علاقائی اور کثیر اطرافی معاملات پر بات کی جائے گی۔
شری کمار کے مطابق مذاکرات کے ایجنڈے میں سکیورٹی تعاون پر بات چیت کی بھی امید کی جا رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نریندر مودی اتوار کو سعودی عرب کے بڑی کاروباری رہنماؤں سے بھی ملیں گے۔
سعودی عرب انڈیا کا پانچواں بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 25 ارب ڈالر بڑھ کر48 ارب ڈالر ہو گیا ہے۔
سعودی عرب میں 30 لاکھ انڈین افراد ملازمت کرتے ہیں۔







