کاغذی کمر، فٹنس یا غیر صحتمندانہ

سوشل میڈیا پر جن خاتون کے حوالے سے بحث چھڑی وہ عمودی سمت میں اے فور سائز کاغذ کو تھامے کمر کا احاطہ کرتے دیکھی جا سکتی ہیں
،تصویر کا کیپشنسوشل میڈیا پر جن خاتون کے حوالے سے بحث چھڑی وہ عمودی سمت میں اے فور سائز کاغذ کو تھامے کمر کا احاطہ کرتے دیکھی جا سکتی ہیں

چین کے بعض انٹرنیٹ صارفین نے’غیرمعمولی دُبلے‘ ہونے کا دعوی کرنے کے لیے آن لائن تصاویر پوسٹ کی ہیں جن پر دنیا بھر میں خوبصورتی کے حوالے سے نئی بحث چِھڑ گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر جن خاتون کے حوالے سے بحث چھڑی وہ عمودی سمت میں ’اے فور‘ سائز کے کاغذ کو تھامے اپنی کمر کا احاطہ کرتے دیکھی جا سکتی ہیں۔

چین کے سرکاری اخبار پیپلز ڈیلی نے اس تصویر کو ’فٹنس چیلنج‘ کے طور پر بیان کیا ہے۔

لیکن چین اور دیگر مختلف ممالک کے لوگوں نے اس کا جواب اپنی تصاویر کی صورت میں دیا ہے۔ یہ لوگ نکتہ چینی کر رہے ہیں کہ 21 سینٹی میٹر کی کمر دراصل غیر صحت مند اور غیر حقیقی ہے۔

کمر کے سائز کے حوالے سے یہ جنون چین کے سب سے بڑے سماجی نیٹ ورک ’ویبو‘ اور ’وی چیٹ‘ جیسی سائٹس پر اس وقت شروع ہوا جب اداکارہ ژانگ لی جیسے کچھ صارفین نے ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر اپنی تصاویر شائع کیں۔

یہ تصاویر #اے فور ویسٹ اور # اے فور ویسٹ چیلنج# نامی ہیش ٹیگس کے ساتھ شائع کی گئیں۔ بہت سے انٹرنیٹ صارفین نے اس ٹرینڈ پر شدید ناپسندیدگی کا اظہار بھی کیا۔

دوسروں نے اس چیلنج کی غیر حقیقی نوعیت کو اُجاگر کرنے کے لیے تخلیقی طریقے اپنائے۔ یہاں تک کہ چینی حکام نے بھی اس بحث میں شمولیت اختیار کر کی۔

چین کی تحفظ عامہ کی وزارت نے ویبو کے اپنے اکاؤنٹ پر چین اور تائیوان کے جزائر کے درمیان کے فاصلے کو ’صرف ایک اے فور سائز‘ کے کاغذ کے برابر بتایا۔‘

’اے فور ویسٹ چیلنج‘ دُبلے پن پر زور دینے کے حوالے سے چین سے اُبھرنے والا پہلا غیر معمولی خوبصورتی کے جنون کا چیلنج ہے۔