’اپنی سیلفی سٹک گھر چھوڑ کر آئیں‘

گذشتہ سال چین کی سالانہ کانفرنس میں لوگوں کو اس طرح سیلفی لیتے ہوئے دیکھا گيا تھا

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنگذشتہ سال چین کی سالانہ کانفرنس میں لوگوں کو اس طرح سیلفی لیتے ہوئے دیکھا گيا تھا

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہونے والے اہم سالانہ سیاسی کانفرنس میں شرکت کرنے والے مندوبین سے کہا گیا ہے وہ سیلفی سٹک کانفرنس ہال میں نہ لائیں۔

خیال رہے کہ نیشنل پیپلز کانگریس (این سی پی) اور چائنیز پیپلس پولیٹیکل کنسلٹیٹیو کانفرنس (سی پی پی سی سی) کی گذشتہ سال کی کانفرنس میں سیاست دانوں، صحافیوں اور تاجروں کو سیلفی سٹکس کا استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

لیکن ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ اخبار کے مطابق رواں سال منتظمین نے ’گریٹ ہال آف دا پیپل‘ میں اس کے استعمال پر پابندی لگا دی ہے اور کہا گیا ہے کہ مندوبین اپنے کام پر دھیان دیں نہ کہ اپنی تصویریں خود ہی لیتے پھریں۔

اس پابندی کا اطلاق ان صحافیوں پر بھی ہوگا جو ان کانفرنسوں کی رپورٹنگ کرتے ہیں۔

سیلفی کے چلن کے بعد سے سیلفی سٹک کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسیلفی کے چلن کے بعد سے سیلفی سٹک کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے

سی پی پی سی سی کے ترجمان ژانگ جنگیان نے کہا کہ ’مندوبین کا سب سے بڑا کام ان کی اپنے فرائض کی انجام دہی ہے۔‘ اس کے ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ جو لوگ سیلفی سٹک گھماتے پھرتے ہیں اس سے خراب تاثرات پیدا ہوتے ہیں اور اس کے علاوہ اس سے دھیان بھی منتشر ہوتا ہے۔

سرکاری اخبار پیپلز ڈیلی میں ایک مبصر نے لکھا کہ یہ پابندی بعض لوگوں کو ’بلا جواز نظر آئیں گي لیکن چین کے سائز کو دیکھتے ہوئے سخت ضوابط کی ضروت ہے۔

خیال رہے کہ اس سالانہ کانفرنس میں جسے ’ٹو سیشنز‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے کمیونسٹ پارٹی کے ہزاروں اہلکار کے علاوہ مقامی حکومت کے نمائندے اور تاجر حضرات یکجا ہوتے ہیں۔