بھارتی زیرِ انتظام کشمیر کے وزیراعلیٰ کے لیے محبوبہ مفتی نامزد

،تصویر کا ذریعہEPA
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں حکمران جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے ارکانِ اسمبلی نے گورنر این این ووہرا کو ایک خط کے ذریعے بتایا ہے کہ وہ محبوبہ مفتی کو نیا وزیر اعلیٰ بنانا چاہتے ہیں۔
کشمیر کے وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کا جمعرات کی صبح انتقال ہو گیا تھا جس کے بعد پی ڈی پی کے ارکان اسمبلی نے ان کی بیٹی محبوبہ مفتی کو اپنی نئی رہنما منتخب کیا ہے۔
خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق پی ڈی پی کے ایک رہنما کا کہنا ہے کہ پارٹی کے ایک وفد نے سری نگر میں گورنر این این ووہرا سے اس سلسلے میں ملاقات کی ہے۔
56 سالہ محبوبہ مفتی فی الحال لوک سبھا کی رکن ہیں۔ وہ کشمیر کے وزیر اعلیٰ کے طور پر کب حلف اٹھائیں گی، اس بارے میں پی ڈی پی نے کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی ہے۔
مفتی محمد سعید کے انتقال کے بعد جموں کشمیر میں 7 دن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
واضح رہے کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا بجٹ اجلاس 18 جنوری سے شروع ہورہا ہے اور اس سے قبل نئے وزیراعلیٰ کی حلف برداری ایک آئینی مجبوری ہے۔
50 سالہ محبوبہ گذشتہ 20 سال سے کشمیر کی مقامی سیاست میں سرگرم ہیں اور اگر وہ وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائز ہو جاتی ہیں تو گذشتہ 40 سال میں کشمیر کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہوں گی۔
ریاست میں پی ڈی پی اور بی جے پی کی مخلوط حکومت ہے۔ 87 رکنی اسمبلی میں پی ڈی پی کے 28 جبکہ بی جے پی کے 25 ممبران اسمبلی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم ابھی پی ڈی پی کی اتحادی بے جے پی نے اس حوالے سے کوئی واضح موقف اختیار نہیں کیا ہے۔







