کیا مفتی سعید نظریات کی جنگ ہار گئے؟

اکثر مبصرین کہتے ہیں کہ مفتی سعید کی حکومت آغاز سے ہی نئی دہلی کے دباؤ میں رہی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناکثر مبصرین کہتے ہیں کہ مفتی سعید کی حکومت آغاز سے ہی نئی دہلی کے دباؤ میں رہی ہے
    • مصنف, ریاض مسرور
    • عہدہ, بی بی سی اُردو ڈاٹ کام، نئی دہلی

بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں بھارت نواز سیاست میں 50 سالہ تجربے کے حامل مفتی محمد سعید 13 برس میں دوسری بار کشمیر کے وزیراعلیٰ بنے ہیں۔

سنہ 2002 میں جب انھوں نے اقتدار سنبھالنے کے بعد انھوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ مسلح جنگ کو ختم کر کے کشمیر میں نظریات کی جنگ چھیڑیں گے اور اسی جنگ کے طفیل امن قائم ہو گا۔

بھارت نوازوں کا موقف یہ ہے کہ کشمیر کا بھارت کے ساتھ الحاق ہوا ہے اور علیحدگی پسند کہتے ہیں کہ برٹش انڈیا کی تقسیم کے بعد بھارت اور پاکستان نے کشمیریوں کی سیاسی خواہشات کے برعکس کشمیر پر فوج کشی کی۔

نظریات کے یہ دونوں دھارے کشمیر کی سیاسی تاریخ میں متوازی طور بہتے رہے ہیں۔

لیکن کشمیری سیاست کی یہ قدیم روایت رہی ہے کہ بھارت نواز حکمران علیحدگی پسندوں کی سیاسی سرگرمیوں تک محدود کرتے ہیں۔ مبصرین اس کی دو وجوہات بتاتے ہیں: ایک یہ کہ بھارت نواز دراصل علیحدگی پسندوں کی ہی سیاسی زمین پر سرگرم رہتے ہیں اس لیے انھیں منظر سے دُور رکھنے میں عافیت سمجھتے ہیں۔ دوسرا یہ کہ اقتدار کو بچائے رکھنے کے لیے نئی دہلی کو خوش رکھنا ضروری ہوتا ہے اور نئی دہلی کو خوش رکھنے کا نسخہ یہی ہے کہ ہند مخالف قوتوں کو حاشیے پر دھکیل دیا جائے۔

اسی طرح کے سیاسی پس منظر میں مفتی سعید نے خود کو روایت شکن کھلاڑی کے طور پر پیش کیا ہے۔

سنہ 2002 سے سنہ 2005 تک وہ وزیراعلیٰٰ رہے تو علیحدگی پسندوں نے کشمیر کے چپے چپے پر عوامی ریلیاں منعقد کیں، سیمینار منعقد کیے اور ان کے اجتماعات میں نہ صرف پاکستان بلکہ مسلح گروپ لشکر طیبہ کے حق میں بھی نعرے بازی ہوتی تھی۔ لیکن کسی کے خلاف مقدمہ نہیں ہوا اور کسی کا میڈیا ٹرائل نہیں ہوا۔

اس پالیسی کو مفتی نے ’بیٹل آف آئیڈیاز‘ یعنی نظریات کی جنگ قرار دیا۔

گذشتہ دنوں بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں ایک ریلی میں پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی گئی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنگذشتہ دنوں بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں ایک ریلی میں پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی گئی

لیکن اس بار مفتی سعید کے اقتدار میں کوئی اور نہیں بلکہ ہندوقوم پرست جماعت بی جے پی شریک ہے۔ اس پر مستزاد یہ کہ بی جے پی آزاد بھارت کی تارِیخ میں پہلی بار اپنے بل پر نئی دہلی میں حکومت بنا چکی ہے۔ اس تناظر میں مفتی سعید کے نظریات کی جنگ کیا معنی رکھتی ہے؟

تجزیہ نگار شیخ فیروز کہتے ہیں: ’ویسے بھی کشمیر کا کوئی وزی راعلیٰ بااختیار نہیں ہوتا۔ یہ تو محض رسمی حکومت ہوتی ہے۔ کرفیو کب نافذ کرنا ہے، کب ہٹانا ہے اور کس شخص کو کس جرم میں گرفتار کرنا ہے یا رہا کرنا ہے، یہ سب احکامات نئی دہلی سے صادر ہوتے ہیں۔‘

واضح رہے 44 سالہ مسرت عالم بٹ کو حالیہ دنوں حکومت نے ساڑھے چار سال کی قید کے بعد عدالتی احکامات کے بعد رہا کیا تو مفتی سعید کی شریک اقتدار بی جے پی نے جموں سے لےکر دہلی تک ہنگامہ برپا کر دیا۔

گذشتہ دنوں انھوں نے سید علی گیلانی کی ریلی میں پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی تو ان کے خلاف غیرقانونی سرگرمیوں اور پانچ دوسرے امور سے متعلق قانونی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

جمعرات کو بھارتی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے مفتی سعید کو فون پر بتایا : ’اس طرح کی حرکتیں برداشت نہیں کی جائیں گی۔‘

اس کے فوراً بعد مفتی سعید نے کہا کہ ’قانون اپنا کام کرے گا‘ اور صرف 24 گھنٹے بعد مسرت کو پھر سے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ان کی تازہ قید کی مُدت کیا ہو گی، تاہم علامتی طور پر مفتی سعید نے حکومت ہند کی خواہشات کے احترام میں ’فوری اقدام‘ کیا۔

اس بار مفتی سعید کے اقتدار میں ہندوقوم پرست جماعت بی جے پی شریک ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناس بار مفتی سعید کے اقتدار میں ہندوقوم پرست جماعت بی جے پی شریک ہے

اکثر مبصرین کہتے ہیں کہ چھہ ہفتے پرانی مفتی سعید کی حکومت آغاز سے ہی نئی دہلی کے دباؤ میں رہی ہے۔

یکم مارچ کو حلف برداری کے بعد جب انھوں نے پاکستان اور وہاں موجود مسلح قوتوں کو گذشتہ برس کشمیر میں ہونے والے 75 فی صد انتخابات کا کریڈٹ دیا تو بی جے پی کا ردعمل اس قدر شدید تھا کہ نوبت قطع تعلق تک پہنچ گئی تھی۔

ایسی صورتِ حال میں کچھ لوگ تو یہاں تک کہتے ہیں کہ مفتی سعید نظریات کی جنگ ہار گئے ہیں۔

تاریخ اور سیاسیات کی محقق عندلیب فاروق کہتی ہیں: ’اصل میں مفتی نے یہ نعرہ ایک تجویز کے طور پر دیا تھا، اس کے فوراً بعد وہ وزیراعلیٰ بن گئے۔ چونکہ اُس وقت انھیں کانگریس کی حمایت حاصل تھی، لہِٰذا علیحدگی پسندوں کو ’فری رن‘ ملا۔

’لیکن بی جے پی کے دور میں مفتی صاحب کو اپنی نظریات کی جنگ میں سیز فائر کرنا پڑے گا۔ اور بار بار کے سیز فائر سے ان کی اپنی نظریاتی اساس گر جائے گی۔‘