تمل ناڈو میں شدید بارشوں کے باعث 55 افراد ہلاک

کئی دنوں سے جاری بارش کی وجہ سے معمول کی زندگی شدید طور پر متاثر ہوئی ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنکئی دنوں سے جاری بارش کی وجہ سے معمول کی زندگی شدید طور پر متاثر ہوئی ہے

بھارت کی جنوبی ریاست تمل ناڈو میں شدید بارش کی وجہ سے اب تک 55 سے زیادہ لوگ ہلاک ہو گئے ہیں۔

بھارت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق تمل ناڈو حکومت نے جمعے کو جاری ایک سرکاری بیان میں 55 لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے۔

تمل ناڈو کے دارالحکومت چینئی کے زیادہ تر علاقوں میں پانی بھر گیا ہے جس سے معمول کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔

سینٹ تھامس ماؤنٹ اور ویلاچیري سمیت جنوبی چینئی کے کئی حصوں میں پانی بھر جانے سے ریلوے کے پل بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

پٹریوں پر پانی بھر جانے کی وجہ سے چینئی میں ٹرینوں کی آمد و رفت تقریبا تھم سی گئی ہے جبکہ ریاست میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔

شہر میں جگہ جگہ پانی جمع ہو گیا ہے

،تصویر کا ذریعہbbctamil

،تصویر کا کیپشنشہر میں جگہ جگہ پانی جمع ہو گیا ہے

شمال مشرقی مون سون کے اثرات کی وجہ سے ریاست کے نو ساحلی اضلاع میں مسلسل بارش ہو رہی ہے جس سے ریاست میں ریل اور سڑکوں پر ٹریفک متاثر ہوئے ہیں۔

مقامی صحافی کے وی لكشمن نے بتایا کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو سے تین دنوں تک تمل ناڈو میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

تمل ناڈو حکومت کے مطابق سب سے زیادہ متاثر كڈّالور ضلعے میں 27 لوگوں کی موت ہو گئی ہے، وہاں امدادی کام کی نگرانی کے لیے تمل ناڈو حکومت کے وزیر اور سینیئر اہلکار موجود ہیں۔

آنے والے دو تین دنوں تک بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنآنے والے دو تین دنوں تک بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے

چینئی، ویلور، ترولّوور اور كانچي پورم سمیت شمالی اضلاع میں سکول اور کالج بند رکھے گئے ہیں۔

صحافی کے وی لكشمن کے مطابق ریاست میں ہونے والے داخلے کے امتحانات اور سرکاری عہدوں کے لیے ہونے والے امتحانات منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق بارش کے اثرات پانڈی چیری کے علاوہ آندھر پردیش کے زیریں علاقوں میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔