ریاست گجرات میں بارش اور سیلاب سے 30 ہلاک

،تصویر کا ذریعہMINISTRY OF DEFENCE
بھارتی ریاست گجرات کے دو اضلاع راج کوٹ اور امریلی میں شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے 30 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ان دونوں اضلاع میں بدھ سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے اور 30 دیہات کا رابطہ باقی علاقوں سے کٹ گیا ہے۔
راج کوٹ اور امریلی کے علاوہ سومناتھ، جونا گڑھ، دوارکا اور سریندرنگر کے اضلاع سے بھی شدید بارش کی اطلاعات ملی ہیں۔
بارش کی وجہ سے بجلی کی فراہمی بری طرح سے متاثر ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق سیلابی پانی کئی دیہات میں داخل ہو چکا ہے جس سے صورت حال اور بھی خراب ہو گئی ہے۔
راج کوٹ کے ضلعی مجسٹریٹ کے مطابق دریا کے کنارے آباد 17 دیہات سے قریباً چار ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہMINISTRY OF DEFENCE
بھارت کی مغربی ریلوے کے ترجمان کے مطابق ٹریک پر پانی آجانے کی وجہ سے ریل ٹریفک بھی متاثر ہوئی ہے۔
احمد آباد میں منعقد ہونے والے ایک اعلی سطح کے اجلاس میں ریاست کے وزیر اعلی اندي بین پٹیل نے صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور متاثر اضلاع کے انچارج وزراء کو اپنے علاقوں میں جانے کی ہدایت کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ریاستی حکام کے مطابق دونوں متاثرہ اضلاع میں امدادی ادارے کام میں مصروف ہیں اور انھیں بھارتی افواج کی مدد بھی حاصل ہے۔
وزارت دفاع کے ترجمان نے ٹوئٹر پر بتایا ہے کہ بھارتی فضائیہ کے دو ایم آئی -17 ہیلی کاپٹر امریلی میں امدادی کاموں میں مدد دے رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے گجرات کے ساحلی علاقے میں مزید بارش کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔







