ہریانہ میں دلت خاندان کے دو بچے ’زندہ جلا ئے گئے‘

،تصویر کا ذریعہAFP

بھارت کی ریاست ہریانہ کے ضلعے فرید آباد میں ایک دلت خاندان کے گھر میں آگ لگائے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے جس میں دو بچوں کی ہلاکت ہوگئی اور ان کے والدین دہلی کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

یہ واقعہ سنپیڑ علاقے میں ہوا ہے۔ مقامی ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر امت اگروال نے بی بی سی کو بتایا کہ حملہ آوروں پر الزام ہے کہ انھوں نے خاندان کے گھر پر مٹی کا تیل چھڑك كر آگ لگا دی جس سے دو بچوں کی موت ہو گئی۔

ہلاک ہونے ولے ایک بچے کی عمر نو ماہ جبکہ دوسرا ڈھائی سال کا تھا۔

بتایا جارہا ہے کہ بچوں کی ماں کے جسم کا 25 فیصد حصہ جھلس گیا تھا اور وہ خطرے سے باہر ہیں جبکہ والد معمولی چوٹ آئی ہے۔

پولیس نے تین افراد کو حراست میں لیا ہے اور تفتیش جاری ہیں۔ علاقے میں پولیس تعینات ہے۔

ڈپٹی کمشنر اگروال کے مطابق دو طرفہ رنجش کے اس معاملے میں اس شخص کے خاندان کے دیگر تمام مرد ارکان حملہ کرنے والے راجپوت خاندان کے ایک رکن کے قتل کے الزام میں جیل میں ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق گاؤں میں تقریباً ڈھائی ہزار لوگ رہتے ہیں جس سے 750 دلت خاندان ہیں اور باقی قوموں میں راجپوتوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

ان کے مطابق دشمنی کی وجہ سے دوسرے خاندان نے حالیہ واقعہ کو انجام دیا۔