انڈیا: بہار میں چھ دلت خواتین کے ساتھ گینگ ریپ

پولیس کے مطابق تینوں نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپولیس کے مطابق تینوں نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے

بھارتی ریاست بہار کے بھوجپور ضلع میں چھ دلت خواتین کے ساتھ گینگ ریپ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

بھوجپور ضلع کے كرمري گاؤں میں ہونے والے اس گینگ ریپ کا شکار ہونے والی خواتین میں تین کم عمر لڑکیاں بھی شامل ہیں۔

چھ دلت خواتین کے ساتھ گینگ ریپ کا واقعہ بدھ کی رات کو پیش آیا تاہم اس کی خبر جمعرات کو سامنے آئی۔

اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بھوجپور کے پولیس سپراٹنڈنٹ راجیش کمار نے بتایا کہ متاثرین نے جمعرات کی شام ایف آئی آر درج کرائی جس میں تین لوگوں پر الزام لگایا گیا ہے۔

میڈیکل ایگزامنیشن میں ان سب خواتین کے ساتھ گینگ ریپ کی تصدیق ہوئی ہے۔

انتظامیہ نے متاثر ہونے والی ہر خاتون کو 90 ہزار کی رقم فراہم کی ہے۔

پولیس کے مطابق تینوں نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایک ملزم جے پرکاش کو پولیس نے کل گرفتار کیا جبکہ باقی دو کو جمعہ کے دن پولیس نے حراست میں لیا۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ ملزمان میں سے ایک کا تعلق مشرق میں فوج سے رہا ہے اور وہ ایک درجن سے زیادہ مقدمات میں ملزم ہیں۔

جمعرات کو کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے ایک جانچ ٹیم نے ڈمريا گاؤں جا کر متاثرین سے ملاقات کی۔

اس سلسلے میں پارٹی کے ریاستی یونٹ کے سیکرٹری کنال نے بتایا کہ ردی بیچنے کا کام کرنے والی تمام متاثرہ خواتین اپنا سامان بیچنے كرمري گئی تھیں۔

ان کو ردی کی ادائیگی کرنے میں پیسے نہیں ہونے کے بہانے سے تاخیر کی گئی۔ اور پھر شام سات بجے کے بعد ان کے ساتھ گینگ ریپ کیا گیا۔

جمعہ کو کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے کارکنوں نے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے ضلع کے فتح پور مارکیٹ میں ہڑتال کی۔