گائے کی سمگلنگ کے الزام میں ایک اور شخص کا قتل

بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں بعض مقامی لوگوں نے ٹرک میں گائے لے جانے والے بعض افراد پر حملہ کر دیا جس میں ایک شخص ہلاک ہوگيا اور چار دیگر شدید زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ٹرک میں گائے لے جانے والے افراد کو اس قد مارا پیٹا گيا کہ اس میں ایک نوجوان کی موت ہوگئی ہے۔
یہ واقعہ ہماچل پردیش میں سرمور ضلع کے ہیڈکوارٹر نہان سے تقریبا 37 کلومیٹر کے فاصلے پر سراہا قصبے میں پیش آیا ہے۔
سرمور کی پولیس سپرنٹینڈنٹ سومیا سنبھاوشن نے بی بی سی سے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آوروں کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پولیس نے چاروں زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرایا ہے۔ ہلاک ہونے والے 20 سالہ نعمان کا تعلق ریاست اترپردیش کے ضلع سہارن پور سے ہے۔
مقامی صحافی اشونی شرما کا کہنا ہے کہ ان افراد پر پنجاب سے اتر پردیش گائے لے جانے کا الزام ہے۔
اس واقعے سے متعلق پولیس نے دو مقدمات درج کیے ہیں۔ ایک ایف آئی آر ٹرک میں گائے لے کر جا رہے لوگوں کے خلاف درج کی گئی ہے۔ اس ایف آئی آر میں جانوروں کے خلاف تشدد کرنے اور سمگلنگ کرنے الزامات لگائے کئے ہیں۔
جبکہ ہلاکت کے معاملے میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گذشتہ ماہ دلی سی متصل دادری میں گائے کا گوشت کھانے کی افواہ پر گاؤں والوں نے ایک مسلمان خاندان پر حملہ کر دیا تھا۔ اس واقعے میں پچاس برس کے محمد اخلاق کی موت ہوگئی تھی جبکہ ان کے نوجوان بیٹے کا اب بھی ہسپتال میں علاج چل رہا ہے۔
بھارت میں حالیہ دنوں میں اس طرح کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے اسی لیے کئی حلقوں کی جانب سے ایس پر تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔







