بھارت کی سیاست میں گوشت کا بازار

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, شکیل اختر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دہلی
بھارت میں ان دنوں بی جے پی کےاقتدار والی ریاستوں اور میونسپلٹیوں میں گوشت کی فروخت پر پابندی لگانے کی ریس چل رہی ہے۔
سب سے پہلے یہ پابندی مہاراشٹر میں لگائی گئی۔ اس کےبعد راجستھان، چھتیس گڑھ ، گجرات اور پنجاب کے بعض شہروں میں گوشت پر آٹھ دن کے لیے پابندی لگائی گئی ہے۔
اطلاعات ہیں کہ بی جے پی کےاقتدار والی دلی کی تین میونسپلٹیوں میں بھی مطالبہ کیا جا رہا ہےکہ یہاں بھی 17 اکتوبر تک گوشت پر پابندی لگائی جائے۔
گوشت پر پابندی ہندو قوم پرست بی جے پی کی حکومتیں اور میونسپلٹیاں جین مذہب کے تہوار ’'پریوشن‘ کےمو قع پر عائد کر رہی ہیں۔
جین مذہب عدم تشدد میں یقین رکھتا ہے اوراس کےمطابق کسی بھی جاندارکو مارنا بہت بڑا گناہ ہے۔ جین مذہب کےپیروکار قطعی طور پرسبزی خور ہوتے ہیں۔ گوشت پر پابندی یہ کہہ کر لگائی جا رہی ہے کہ اس کا مقصد پریوشن کے دوران جین مذہب کے عدم تشدد کی تعلیمات کا احترام کرنا ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
گوشت پر پابندی لگائےجانےسے تنازع پیدا ہوگیا ہے ۔ ممبئی مٹن ڈیلرزایسوسی ایشن نےممبئی ہائی کورٹ میں ایک مقدمہ دائر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف ان کی روزی روٹی متاثر ہو رہی ہے بلکہ اس سے فرد کےانتخاب کے بنیادی حق کی بھی خلاف ورزی ہوتی ہے۔
بھارت میں گذشتہ کچھ سالوں سے گوشت خوری کے خلاف ہندو پرست تنظمیوں کی مہم میں شدت آئی ہے ۔ گوشت کے خلاف مہم میں ایک دبے ہوئےمذہبی اختلاف کا پہلو بھی شامل ہے ۔ بھارت میں سبزی خوری کی حمایت کرنےوالے عناصر اور پارٹیاں سیاسی جماعتیں عام طور پر اس غلط فہمی کا شکار ہیں کہ گوشت خورصرف مسلم ہیں ۔در اصل بھارت کی آبادی کی غالب اکثریت گوشت خور ہے اور ان میں پچاس کروڑ ہندؤ بھی شامل ہیں۔
لیکن دانشوروں کا کہنا ہےکہ گوشت پر پابندی کا سوال نہ گوشت کا ہے اورنہ مذہب کا۔ یہ سوال ہے انتخاب کی آزادی اور بنیادی حقوق کا۔ کسی جمہوری ملک میں یہ ریاست کا کا کام نہیں ہے کہ وہ شہریوں کےلیے یہ طے کرے کہ کون کیا کھائے گا۔ کسی کثیرالمذہبی جمہوری ملک میں کسی ایک مذہب کےتصورات کو کسی درسرے مذہب کے پیروکاروں یا شہریووں پر مسلط نہیں کیا جا سکتا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جمہوری ملک میں ہر شہری کھانے پینے، مذہب پرعمل کرنے یا نہ کرنے اور اپنے طور طریقے سےرہنے کے لیے آزاد ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
انھیں تنازعوں کےدرمیان بی جے پی کےایک رہنما کی مفاد عامہ کی ایک پٹیشن کی بنیاد پر بھارت کے زیرِانتظام کشمیر میں ہائی کورٹ نے آزادی سے پہلے راجاؤں کےزمانے کےایک قانون کے تحت گائے، بھینس اور بچھڑے کے ذبح پر پابندی کو موثرطریقے سے نافذ کرنے کا حکم دیا ہے ۔ عدالت کےاس فیصلےسے کشمیر میں بھی بے چینی پھیل گئی ہے۔
دراصل گوشت پر پابندی کا پورا معاملہ تنگ نظر سیاست کا نتیجہ ہے۔ آج کی جدید دنیا میں کسی جمہوری ملک میں کسی محضوص طرح کے کھانے پر پابندی عائد کیا جانا صرف جمہوری اصولوں کےہی منافی نہیں مضحکہ خیز بھی ہے ۔ یہ جدید اور ترقی یافتہ قوموں کے تصوات سےمطابقت نہیں رکھتا۔ مذہب یا کوئی نظریہ کسی پرمسلط نہیں کیا جا سکتا۔
یہ ایک اچھا پہلو ہے کہ بھارت کےمسلمان گوشت پر پابندی کو مذہب کے پیرائےمیں نہ دیکھ کر اسے نیم مذہبی جماعت بی جے پی کی ہندو ووٹ بینک کی سیاست اور جمہوریی اصولوں کی پامالی کےطور پر دیکھ رہے ہیں۔







