چین: سپریم کورٹ کے نائب صدر سے بدعنوانی کی تفتیش

،تصویر کا ذریعہGetty
چین کی سپریم کورٹ کے نائب صدر سے ملک کی انسداد بدعنوانی کا ادارہ تفتیش کر رہا ہے۔
سینٹرل کمیشن فار ڈسپلن انسپیکشن کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق شی شیاؤمنگ سنہ 1982 سے سپریم پیپلز کورٹ سے وابستہ ہیں اور ان پر ’ڈسپلن کی شدید خلاف ورزی‘ کے الزامات ہیں۔
اس حوالے سے مزید تفصیلات مہیا نہیں کی گئیں۔
خیال رہے کہ چین کی حکمراں کمیونسٹ پارٹی سیاسی بدعنوانی کے خلاف مہم میں متعدد اہلکاروں کو گرفتار کر چکی ہے۔
گذشہ ماہ چین کے سابق سکیورٹی چیف ژو یونگ کانگ کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ کمیونسٹ دورِ حکومت میں وہ بے ضابطگیوں کے الزام میں مقدمے کا سامنے کرنے والے سینیئر ترین سیاست دان بھی ہیں۔
سینٹرل کمیشن فار ڈسپلن انسپیکشن کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے مختصر بیان کے مطابق شی شیاؤمنگ سے ’شدید ڈسپلنری خلاف ورزیوں اور قانون شکنی‘ کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
بیان میں یہ نہیں کہا گیا کہ ان کو عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے یا نہیں۔
61 سالہ شی شیاؤمنگ اقتصادی قانون کے ماہر ہیں اور حال ہی میں چین کے سول کوڈ سے متعلق قائم کیے گئے تحقیقاتی گروپ کی سربراہی بھی انھیں سونپے جانے کے امکانات تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے 1970 کی دہائی میں ایک پولیس اہلکار سے چین کی عدلیہ کے اعلیٰ ترین عہدے کا سفر طے کیا۔
دوسری جانب چین کی کھیلوں کی انتظامیہ کے نائب سربراہ شیاؤ تیان سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔







