خاتون کو اینٹ مارنے پر پولیس اہلکارگرفتار

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک ٹریفک پولیس اہلکار کو خاتون کو اینٹ سے مارنے کے مناظر ٹی وی چینلز پر دکھائے جانے کے بعد پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون کی جانب سے پولیس اہلکار کی موٹر بائیک پر اینٹ پھینکنے کے بعد اس اہلکار نے اینٹ خاتون کی پشت پر ماری۔
یہ ویڈیو قریب سے گزرنے والے ایک شخص نے بنائی تھی جس کے منظرِ عام پر آنے کے بعد پولیس اہلکار کو معطل کر دیا گیا ہے۔
خاتون کا جو اپنی دو بیٹیوں کو سکوٹر پر سکول سے گھر لے جا رہی تھیں کہنا ہے کہ یہ جھگڑا تب شروع ہوا جب پولیس اہلکار نے ان سے رشوت دینے کو کہا۔
انھوں نے بتایا کہ پولیس اہلکار نے انھیں روکا اور مبینہ طور پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں ان سے 200 بھارتی روپے یعنی تین ڈالر بطور رشوت مانگے۔
خاتون کا کہنا ہے کہ جب انھوں نے رسید مانگی تو پولیس اہلکار نے دینے سے انکار کر دیا۔
اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پہلے خاتون نے اینٹ پولیس اہلکار کی بائیک کی جانب پھینکی لیکن ان کی بیٹی نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ پہلے پولیس اہلکار پر تشدد ہوئے تھے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ ’ جب میری والدہ سکوٹر چلانے لگیں تو پولیس انکل نے سکوٹر کو دھکا دیا اور پتھر پھینکا، میری والدہ نے پتھر اٹھایا اور ان کی موٹر بائیک کی جانب پھینک دیا۔ انھوں نے میری والدہ کا ہاتھ موڑا اور اینٹ کے ساتھ مارا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دہلی کے پولیس کمیشن بی ایس باسی کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار کے خلاف فوجداری کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
بی ایس باسی نے کہا کہ ’ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ہمیں افسوس ہے کہ یہ شرمناک عمل ایک ٹریفک پولیس اہلکار نے کیا ہے۔‘
اس واقع پر بھارت میں سخت غصہ پایا جاتا ہے اور بہت لوگ سوشل میڈیا پر پولیس اہلکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔







