بھارت:ایک ہزار ’جعلی پولیس والے‘ گرفتار

،تصویر کا ذریعہAP
بھارت کی ریاست بہار میں پولیس میں بھرتی کے لیے امیدواروں کی جگہ جسمانی ورزش کا امتحان دینے پر 1000 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ریاستی پولیس کے مطابق ان افراد کو امیدواروں کی جگہ امتحان دینے کے لیے پیسے دیے گئے تھے۔
ان افراد کو دو ہفتے قبل گرفتار کیا گیا تھا کیونکہ ان کی طرف سے جمع کرائے گئے کاغذات میں جعلسازی پائی گئی تھی۔
اس ماہ کے آغاز میں بہار کے سیکنڈری سکول کے امتحان میں بڑے پیمانے پر نقل کی تصاویر نے ایک طوفان برپا کر دیا تھا۔
ان تصاویر کے چھپنے کے بعد 300 سے زائد افراد کو پکڑ لیا گیا تھا جن میں سے اکثر والدین تھے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے میڈیا کے مطابق گذشتہ برس بھی بہار میں پولیس کانسٹیبلز کے لیے ہونے والے امتحان میں 150 سے زائد افراد کو نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔
بہار کے ایک پولیس اہلکار نے اخبار ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ اس حوالے سے ہونے والی حالیہ گرفتاریاں اب تک ہونے والی سب سے زیادہ گرفتاریاں ہیں۔
جسمانی ٹیسٹ کے لیے تقریباً 52,000 افراد کو چنا گیا تھا اور ریاستی حکومت کو امید تھی کہ ان میں 12,000 کو پولیس کانسٹیبل کی نوکری کے لیے منتخب کر لیا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







