بھارت کی ریاست بہار میں طوفان سے 32 افراد ہلاک

دریائے کوسی کا علاقہ اکثروبیشتر سیلاب کی زد میں ہوتا ہے

،تصویر کا ذریعہrajesh mishra

،تصویر کا کیپشندریائے کوسی کا علاقہ اکثروبیشتر سیلاب کی زد میں ہوتا ہے

بھارت کی شمال مشرقی ریاست بہار کے کوسی علاقے میں آنے والے طوفان میں کم از کم 32 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

بہار میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمے کے سینئر افسر ویپن کمار رائے نے بی بی سی سے بات چیت میں اس کی تصدیق کی ہے۔

ان کے مطابق 25 افراد پورنیہ ضلعے میں، چھ افراد مدھیہ پورہ میں جبکہ ایک شخص کی موت مدھوبنی ضلعے میں ہوئی ہے۔

انھوں نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دور دراز کے علاقوں سے اطلاعات ملنے میں تاخیر ہو رہی ہے۔

اور اسی وجہ سے طوفان سے ہونے والی تباہی کا مجموعی اندازہ لگانا فی الحال مشکل ہے۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے محکمے کے حکام کے مطابق جو اضلاع اس طوفان سے شدید طور پر متاثر ہوئے ان میں مدھیہ پورہ، پورنیہ، سہرسہ، سوپول، کشن گنج، کٹیہار، دربھنگہ اور مدھوبنی شامل ہیں۔

یہ دریائے کوسی کا علاقہ ہے جو اکثروبیشتر سیلاب کی زد میں ہوتا ہے۔

چند سال قبل وہاں آنے والے سیلاب میں بڑی تعداد میں جان و مال کا نقصان ہوا تھا۔