پلاسٹک سرجری کا تلخ پچھتاوا

،تصویر کا ذریعہWWW.JIYEO.COM
سیول میں جہاں بھی جائیں آپ پلاسٹک سرجری کے ذریعے اپنے آپ کو خوبصورت بنانے کے اشتہارات سے بچ نہیں سکتے۔
ٹرین پر ہوں یا سڑک پر آپ کو چھاتی کی سرجری، سکوائر جا ریڈکشن (مربع جبڑے کو کم کرنا)، ناک کی سرجری سمیت طرح طرح کی پلاسٹک سرجری کرنے والے کلینکس کے اشتہارات نظر آئیں گے۔
میری ایک واقف کار نے بتایا کہ بارش کی وجہ سے اس کی ٹھوڑی میں تکلیف ہوتی ہے۔ پر پھر پتہ چلا کہ وہ ناک کی سرجری کروانے گئی تھی مگر اس کو ٹھوڑی کی سرجری بھی کروانے پر قائل کر لیا گیا یا پھر وہ خود قائل ہو گئی۔ اس کی ٹھوڑی سڈول تو ہو گئی مگر اس کو وہاں درد رہنے لگا۔ اس کے باوجود اب وہ چھاتی بڑی کروانے کی سرجری کا ارادہ رکھتی ہے۔
اس ملک میں والدین اپنی نو عمر بیٹیوں کو آنکھوں کے پپوٹوں کی سرجری کا تحفہ دیتے ہیں، جسے پپوٹا سرجری کہا جاتا ہے۔اس کی وجہ سے آنکھیں زیادہ واضح اور کم ایشیائی نظر آتی ہیں۔
مجھے حیرت ہے کہ وہ ایسا کیوں کرتے ہیں، کوریائی آنکھیں تو ویسے ہی خوب صورت ہیں۔
ان اشتہارات سے یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ پلاسٹک سرجری پر اعتماد شخصیت اور خوشگوار زندگی کے لیے انتہائی ضروری ہے، حالانکہ ایسا بالکل بھی نہیں ہے۔
مگر اب لوگوں میں ایک ردعمل پایا جاتا ہے اور توقعات کے مطابق اچھے نتائج نہ حاصل ہونے پر مریض بڑی تعداد میں ڈاکٹروں پر مقدمات کر رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
مسئلے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ پلاسٹک سرجری ایک بہت منافع بخش کام ہے جس کی وجہ سے کم تربیت یافتہ ڈاکٹروں نے بھی یہ کام شروع کر دیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بعض اوقات اشتہار دینے والے ڈاکٹر خود سرجری نہیں کرتے جیسا کہ عدالت میں چلنے والے ایک کیس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مریض کے بے ہوش ہونے کے بعد مشتہر ڈاکٹر آپریٹنگ کمرے سے چلا گیا اور متبادل سرجن نے صحیح سرجری نہیں کی۔
حال ہی میں کوریائی پلاسٹک سرجنوں کی ایسوسی ایشن نے ڈاکٹروں اور اشتہار کے لیے سخت قواعد کے نفاذ کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا ماننا ہے کہ چند لوگوں کی وجہ سے پوری صنعت کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
مگر سخت قواعد کے نفاذ کے باوجود پیسے کی کشش کی وجہ سے ناتجربہ کار لوگ پھر بھی اس صنعت میں پیسہ کمانے کی کوشش کر تے رہیں گے۔

،تصویر کا ذریعہwww.jiyeo.com
امریکہ اور یورپ کے مقابلے میں یہاں قیمتیں کافی کم ہیں جس کی وج سے دوسرے ممالک سے بھی لوگ کوریا میں سرجری کروانے آتے ہیں۔
یہاں کے معروف روزنامہ جونگینگ کے مطابق گذشتہ سال جنوبی کوریا میں پلاسٹک سرجری کے لیے آئے ہوئے غیر ملکیوں میں سے دو تہائی کا تعلق چین سے تھا۔ تقریباً 16,000 سے زیادہ چینی باشندوں نے گزشتہ سال کوریا میں پلاسٹک سرجری کروائی تھی۔
یہاں کے اخبارات کے مطابق کچھ لوگوں کی سرجری اتنی کامیاب رہی کہ واپسی پر ایئرپورٹ پر پاسپورٹ حکام نے یہ ماننے سے انکار کر دیا کہ وہ جس پاسپورٹ پر سفر کر رہے ہیں وہ ان کا ہے۔
کوریا کی ایک سابق ملکہ حسن کا، جس کی چھاتی بڑھانے کی سرجری خراب ہو گئی تھی، کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کو مریضوں کو پلاسٹک سرجری کروانے سے منع کرنا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پلاسٹک سرجری ایک عادت کی طرح ہے اگر آپ آنکھوں کی سرجری کروائیں تو پھر آپ کا دل ہوگا کہ ناک کی بھی سرجری کروا لیں۔







