بھارت: ماؤ باغیوں کے حملے میں 13 اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارت کی وسطی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع بستر میں ماؤ نواز باغیوں کے حملے میں 13 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
ریاستی پولیس کے ماؤ نواز مخالف آپریشنز کے سربراہ کے مطابق مارے جانے والے اہلکاروں کا تعلق سنٹرل ریزرو پولیس فورس سے ہے۔
راجندر کمار وج نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے اہلکار پیر کو سکما کے علاقے میں آپریشن کے لیے گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ گھنے جنگلوں میں ان کی ماؤ باغیوں سے جھڑپ ہوئی جس میں 13 اہلکاروں کی ہلاکت ہوئی جبکہ 12 اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔
راجندر کمار نے بتایا کہ باغی اس علاقے میں پہلے سے گھات لگائے بیٹھے تھے اور انھوں نے اہلکاروں کو چاروں طرف سے گھیر کر ان ہر حملہ کیا۔
سی پی آر ایف کے افسر ذوالفقار حسن کا کہنا ہے کہ باغیوں نے مقامی گاؤں کی آبادی کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا اور فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
چھتیس گڑھ کا ضلع بستر ماضی میں بھی ماؤ باغیوں کی کارروائیوں کا مرکز رہا ہے۔ رواں برس کے آغاز میں بھی یہاں باغیوں کے حملے میں 6 اہلکار مارے گئے تھے۔
واضح رہے کہ بھارت کی کئی ریاستوں میں ماؤ نواز باغی جنھیں نکسلی بھی کہا جاتا ہے حکومت سے برسرپیکار ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







