انتخابات کے دوران تشدد، بارہ افراد ہلاک

بھارت کی چھتیس گڑھ ریاست کے علاوہ دیگر ریاستوں میں بعض جگہ ماؤ نواز باغیوں نے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنبھارت کی چھتیس گڑھ ریاست کے علاوہ دیگر ریاستوں میں بعض جگہ ماؤ نواز باغیوں نے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے

بھارت کی وسطی ریاست چھتیس گڑھ میں سنیچر کو مشتبہ ماؤ نواز باغیوں کے دو حملوں میں مجموعی طور پر 12 افراد مارے گئے ہیں جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

بیجا پور ضلع میں مشتبہ ماؤ نواز باغیوں کے حملے میں چھ افراد کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔

یہ تمام لوگ 10 اپریل کو بستر کے علاقے میں ووٹنگ کرانے کے لیے گئے تھے جہاں سے سنیچر کو وہ ضلع ہیڈکوارٹر جگدل پور لوٹ رہے تھے۔

دوسرا حملہ بستر کے دربھا کے پاس محکمہ صحت کی ایمبولینس سنجیونی 108 پر ہوا ہے۔ اس حملے کے بارے میں بھی یہ کہا جا رہا کہ اسے کے پیچھے ماؤ نواز باغی ہیں۔

اس حملے میں پانچ پولیس اہلکاروں کے علاوہ ایمبولنس کے ڈرائیور کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔

پولیس کے ترجمان دپانشو كابرا نے بی بی سی کو بتایا کہ ’بیجا پور کے تھانے كٹرو کے تحت آنے والے گاؤں تلنار کے پاس ایک پولنگ پارٹی بس میں سوار واپس آ رہی تھی کہ ایک تالاب کے پاس ماؤنواز باغیوں نے پہلے سے بم نصب کر رکھا تھا، جس کی زد میں پولنگ ٹیم کی گاڑی آ گئی۔‘

انھوں نے بتایا کہ اس دھماکے میں اب تک چھ لوگوں کی ہلاکت کے علاوہ کم از کم 12 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

ماؤنواز باغی عام طور پر خوساختہ بموں کا استعمال کرتے ہیں

،تصویر کا ذریعہRajkumar Tiwary BBC

،تصویر کا کیپشنماؤنواز باغی عام طور پر خوساختہ بموں کا استعمال کرتے ہیں

پولیس کے مطابق ’راجستھان ٹریولز کی بس نمبر سی جی 17 کے 0321 میں دو پولنگ سٹیشنوں کے عملے بیس کیمپ واپس آ رہے تھے۔ ان پولنگ پارٹیوں کو 10 اپریل کی ووٹنگ کے بعد پاس کے ہی پولیس کیمپ میں ٹھہرایا گیا تھا۔ اس کے بعد آج دوپہر انھیں جگدل پور کے لیے روانہ کیا گیا تھا۔‘

دوسرے حملے میں دربھا کے پاس محکمہ صحت کی ایمبولنس سنجیونی 108 پر بھی ماؤ نواز باغیوں نے حملہ کیا ہے ، جس میں سی آر پی ایف کے پانچ جوان مارے گئے ہیں۔ اس ایمبولنس میں نو افراد سوار تھے۔

یاد رہے کہ 10 اپریل کو بستر میں لوک سبھا انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی تھی۔ اس دوران سات مقامات پر ماؤنواز باغیوں نے فائرنگ کی تھی اور کچھ مقامات پر آئی ای ڈی سے دھماکے کیے گئے تھے جس میں کئی افراد زخمی ہوئے تھے۔

بیجا پور، دانتے واڑہ اور سكما کے بعض علاقوں میں سکیورٹی فورسز اور ماؤ نواز باغیوں کے درمیان تصادم کے واقعات سامنے آئے تھے۔

سکیورٹی فورسز نے دانتے واڑہ اور سكما میں کئی مقامات سے دھماکہ خیز مواد برآمد کیا تھا۔ ان علاقوں میں کئی مقامات پر ماؤنواز باغیوں نے سڑکوں پر ٹریفک متاثر کرنے کی بھی کوشش کی تھی۔