اڑیسہ میں جھڑپ، 14 نکسل باغی ہلاک

بھارتی ریاست اڑیسہ میں سکیورٹی فورسز اور نکسلی باغیوں کے مابین مسلح تصادم میں چودہ باغی ہلاک ہوگئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ جھڑپ ضلع ملكہ نگر میں ہوئی اور ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔
مقامی نامہ نگار سندیپ ساہو نے بتایا کہ اڑیسہ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل پرکاش مشرا نے نکسل باغیوں کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔
مشرا نے بتایا کہ یہ تصادم سنیچر کی صبح چھتیس گڑھ اور اڑیسہ کی سرحد پر جنگل میں ہوا۔ ان کا کہنا ہے کہ تصادم میں 14 نکسلی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے.۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق پولیس کو شک ہے کہ نکسلیوں کے اسی گروہ نے 25 مئی کو چھتیس گڑھ میں کانگریسی رہنماؤں کے قافلے پر حملہ کیا تھا۔
ڈی جی پی نے بتایا کہ پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ تقریباً 100 نکسلی اڑیسہ کی سرحد میں داخل ہو سکتے ہیں اور اسی اطلاع پر ملكہ نگر کی پولیس نے جمعہ سے ہی علاقے میں ڈیرے ڈال دیے تھے۔
پرکاش مشرا کا کہنا تھا کہ جیسے ہی نکسل باغی چھتیس گڑھ کی سرحد پر واقع دریا پار کر کے اڑيسہ کی حدود میں داخل ہوئے پولیس ٹیم نے ان پر حملہ کر دیا۔
خیال رہے کہ جس علاقے میں یہ جھڑپ ہوئی وہیں حال ہی میں نکسلیوں نے پولیس کے 15 جوانوں کو ہلاک کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







